تلنگانہ

ایس آئی او تلنگانہ کا حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد و چارمینار کے قریب زبردست احتجاج

دہلی میں پرامن طلبہ پر پولیس تشدد کے خلاف ایس آئی او تلنگانہ کا حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد و چارمینار کے قریب زبردست احتجاج

مرکزی وزیرِ تعلیم کے استعفے اور این ٹی اے کی تحلیل کا مطالبہ

حیدرآباد : اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) تلنگانہ کے زیرِ اہتمام جمعہ، 24 جولائی 2026 کو تاریخی چارمینار کے قریب احتجاج منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج میں دہلی اور ملک کے بیشتر مقامات پر پُرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر مبینہ پولیس تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے انصاف، جوابدہی اور طلبہ کے جمہوری حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا

 

۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ایس آئی او تلنگانہ، محمد فراز احمد نے کہا کہ قومی سطح کے مختلف امتحانات میں مسلسل بے ضابطگیوں، مبینہ بدعنوانیوں، پرچوں کے افشا ہونے اور انتظامی ناکامیوں نے ملک بھر کے طلبہ اور ان کے والدین کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں طلبہ کا مستقبل ایک ناقص اور غیر مؤثر امتحانی نظام کی نذر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان سے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) شفاف، منصفانہ اور قابلِ اعتماد امتحانات کے انعقاد میں مسلسل ناکام رہی ہے، لہٰذا اس ادارے کو تحلیل کرکے ایک مؤثر، شفاف اور جوابدہ امتحانی نظام قائم کیا جانا چاہیے

 

۔محمد فراز احمد نے مزید کہا کہ بار بار امتحانات میں ہونے والی بے ضابطگیوں نے برسوں کی محنت کرنے والے طلبہ کو شدید ذہنی دباؤ، بے یقینی اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے پُرامن احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف طاقت کے استعمال کی بھی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری معاشرے میں اختلافِ رائے کو دبانے کے بجائے اس کا احترام کیا جانا چاہیے

 

۔ایس آئی او تلنگانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک ایسا امتحانی نظام قائم کیا جائے جو مکمل طور پر شفاف، منصفانہ، جوابدہ، بدعنوانی سے پاک اور طلبہ دوست ہو۔

 

*اہم مطالبات*

• مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کا فوری استعفیٰ۔

• نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کو فوری طور پر تحلیل کیا جائے۔

• امتحانی بے ضابطگیوں اور پرچوں کے افشا میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

• شفاف، منصفانہ، جوابدہ، بدعنوانی سے پاک اور طلبہ دوست امتحانی نظام قائم کیا جائے۔

• پُرامن احتجاج کے جمہوری حق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور پُرامن مظاہرین کے خلاف ریاستی جبر کا خاتمہ کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button