سب انسپکٹر نے سرویس ریوالور سے گولی مارکر خودکشی کرلی۔ تلنگانہ کے ملوگو میں واقعہ

حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع ملوگو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں واجیڑو پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ہریش نے اپنی سرویس ریوالور سے خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ ملا کٹا گاؤں کے قریب ایک ریزورٹ میں پیش آیا جس سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ سب انسپکٹر ہریش کے اس انتہائی قدم کے پیچھے ذاتی مسائل ہو سکتے ہیں، تاہم خودکشی کی اصل وجوہات کا ابھی تک انکشاف نہیں ہوا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس مقام واقعہ پر پہنچ گئی اور ضروری شواہد اکٹھے کیے گئے۔
سب انسپکٹر ہریش کے اس اقدام نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ساتھی افسران کو بھی گہرے صدمہ میں مبتلا کر دیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جلد ہی مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہاسپٹل منتقل کردیاگیا مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔