تلنگانہ

سنترہ کی چوری پر تلنگانہ کے شہری کو سعودی عرب میں جیل کی سزا

جدہ _ 17 مارچ ( عرفان محمد) شدید بھوک لگنے پر سنترہ کو نادانستہ طور پر اٹھا لینے پر سعودی عرب میں تلنگانہ کے ایک این آر آئی کو جیل ہوگئی اور قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہو کر وہ پریشان ہوگیا۔ اس شخص کی شناخت سدی پیٹ کے رہنے والے پربھاکر کے طور پر کی گئی ہے

 

جس نے یہ تصور بھی نہیں کیا تھا کہ نادانستہ طور پر کی گئی اس چوری سے وہ سلاخوں کے پیچھے ہوجائے گا اور وطن واپسی اس کے لئے مشکل ہوجائے گی۔ پربھاکر سعودی کے خمیص مشیت ٹاؤن میں کلینر کا کام کرتا تھا۔ اس نے شاپنگ کارٹ سے ان سنتروں کی چوری کی تھی اور انہیں کھا لیا تھا تاہم اس کارٹ کے مالک نے اسے دیکھ لیا اور پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔ 1000ریال جرمانہ کے علاوہ اسے ایک ماہ کی سزا سنائی گئی۔

 

پربھاکر نے ہائی کورٹ میں اپیل کی جس نے اس معاملہ کی دوبارہ سماعت کی ہدایت دی اور 14 دن بعد اس کی رہائی کے احکام جاری کئے اور جرمانہ کی رقم کو برقرار رکھا تاہم ہجری کلینڈر پر الجھن کے پیش نظر پربھاکر حاضر عدالت نہ ہوسکا۔ بعد ازاں جب وہ عدالت میں حاضر ہوا تو اپنا بیان مناسب طور پر نہیں دے سکا۔ یہ واقعہ 31 جنوری 2020ء کو پیش آیا۔ تبھی سے وہ کلینر کے طور پر کام کررہا تھا۔

 

حال ہی میں کمپنی کے ڈویژن کے بند ہونے کے سبب اس کے ساتھ ساتھ دیگر ملازمین کو بھی کمپنی نے برطرف کردیا۔ یہ کمپنی اسے ہندوستان واپس نہیں بھیج پائی کیونکہ اس معاملہ میں مقدمہ زیر التواء ہونے کے سبب اس کے سفر پر پابندی ہے۔ اس غریب مزدور کو 16 دن کی بقیہ سزا بھگتنے کے لئے ایک جگہ سے دوسری جگہ پھرنا پڑرہا ہے۔

 

علاوہ ازیں جرمانہ کی ادائیگی میں بھی اسے دشواریاں ہورہی ہیں۔ جرمانہ کی رقم کی ادائیگی پر اس کا ویزا منسوخ ہوسکتا ہے اور وہ ہندوستان واپس ہوسکتا ہے۔ اس نے کہا کہ اسے بھوک لگی تھی اسی لئے اس نے سنترے اٹھالئے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button