تلنگانہ ریٹائرڈ ملازمین کے 2 ہزار کروڑ روپے کے ژیر التوا بقایا جات کی اجرائی

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ایک بار پھر سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا ثبوت دیا ہے۔ حکومت نے اپنے وعدوں کو محض الفاظ تک محدود نہیں رکھا بلکہ انہیں عملی جامہ پہنا کر دکھایا ہے۔
چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکا نے اس سے قبل ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) کے قائدین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ملازمین کے طویل عرصے سے زیر التوا 6,000 کروڑ روپے کے واجبات 100 دنوں کے اندر ادا کر دیئے جائیں گے۔
اس عزم کی سمت تیزی سے پیش رفت کرتے ہوئے وزیرِ مالیات و ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی ہدایات پر محکمۂ مالیات کے اسپیشل چیف سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ نے آج پہلے مرحلے کے تحت 2,000 کروڑ روپے جاری کرنے کے احکامات صادر کئے۔
آج جاری کردہ فنڈس کے ذریعے حکومت نے ریٹائرڈ ملازمین سے متعلق اہم ترین زیر التوا واجبات مکمل طور پر ادا کر دیئے ہیں۔ ریٹائرڈ ملازمین کے جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی ایف) کے 100 فیصد واجبات کلیئر کر دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مئی 2025 تک کے تمام زیر التوا کمیوٹیشن واجبات بھی مکمل طور پر ادا کر دیئے گئے ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت پیشگی منصوبہ بندی اور واضح حکمت عملی کی بدولت ممکن ہوئی ہے۔ حکومت اپنے وعدے کے مطابق مقررہ مدت کے اندر بقیہ 4,000 کروڑ روپے ملازمین کے کھاتوں میں جمع کرنے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہے۔
حکومت کے اس مثبت اور فوری فیصلے پر ملازمین کی تنظیموں کے قائدین اور ریٹائرڈ ملازمین نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عوامی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔



