جرائم و حادثات

چلتی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی – بس جل کر راکھ ؛ تلنگانہ کے نلگنڈہ میں حادثہ

نلگنڈہ: تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع کے چٹیال منڈل کے بڑے کاپرتی علاقے میں ہفتہ کی صبح ایک خانگی ٹراویلس بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔ تاہم ڈرائیور اور کلینر کی بروقت حاضر دماغی کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔

 

اطلاعات کے مطابق یہ بس حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے کاکیناڈا شہر جارہی تھی کہ راستے میں اچانک بس کے انجن کے حصے سے دھواں نکلنا شروع ہوگیا۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے ڈرائیور نے فوری طور پر بس کو سڑک کے کنارے روک دیا اور کلینر کی مدد سے تمام مسافروں کو جلدی سے نیچے اتار دیا۔ چند ہی لمحوں میں آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

 

حادثے کے وقت بس میں 36 مسافر سوار تھے۔ خوش قسمتی سے تمام مسافر بحفاظت باہر نکل آئے اور کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا، تاہم مسافروں کا قیمتی سامان، کپڑے اور دیگر اشیاء مکمل طور پر آگ کی نذر ہوگئیں، جس کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ فائر عملہ نے کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا، لیکن اس وقت تک بس مکمل طور پر جل چکی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ حادثہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button