عادل آباد کے متحرک صحافی خضر احمد یافعی سڑک حادثہ میں زخمی
عادل آباد کے متحرک صحافی خضر احمد یافعی سڑک حادثہ میں زخمی
حادثہ ڈلیوری بوائے کی لاپرواہی کے سبب پیش آیا، رمس اسپتال میں علاج کے بعد گھر روانہ
عادل آباد، 23؍اکتوبر ( )عادل آباد کے متحرک و سرگرم صحافی خضر احمد یافعی آج صبح دس بجے عادل آباد مستقر کے این ٹی آر چوک تا کلکٹریٹ چوک کے درمیان پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک ڈلیوری بوائے کلکٹریٹ چوک پر ٹریفک پولیس کی جانب سے کی جارہی گاڑیوں کی جانچ کو دیکھ کر اچانک اپنی گاڑی کا رخ موڑ دیا تاکہ ٹریفک پولیس سے بچ سکے، تاہم اسی کے پیچھے آرہے صحافی خضر احمد یافعی اس اچانک حرکت کے باعث اپنی ایکٹیوا گاڑی کا کنٹرول کھو بیٹھے اور سڑک پر گرنے سے زخمی ہوگئے۔
حادثہ میں خضر یافعی کے دونوں ہاتھ، پیر، گھٹنے، پیشانی، دانتوں اور ٹھوڑی کے نیچے زخم آئے۔ ٹھوڑی کے نیچے کے حصے پر تین ٹانکے لگائے گئے۔
حادثہ کے بعد ڈلیوری بوائے موقع سے فرار ہوگیا جبکہ مقامی افراد نے فوری طور پر راحت کاری میں حصہ لیا۔ حادثہ کے وقت ان کے ہمراہ ان کے نسبتی بھی موجود تھے تاہم انہیں کوئی زخم نہیں آئے۔
حادثہ کی اطلاع پر ٹریفک پولیس فیروز خان، کانگریس لیڈر ایم اے قیوم و دیگر موقع پر پہنچے اور زخمی صحافی کو ایک آٹو کے ذریعہ رمس اسپتال منتقل کیا۔
اطلاع ملتے ہی صحافی عمیم شریف، بیگ صاحب، اے این این چینل کوآرڈینیٹر ستیانارائن اور افرادِ خاندان بھی اسپتال پہنچ گئے۔
اسی دوران رمس ڈائریکٹر ڈاکٹر جئے سنگھ راتھوڑ ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ معائنے کے لئے پہنچے اور خضر احمد یافعی کی صحت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر سمیع الدین نے بھی مکمل رہنمائی کی۔ طبی معائنہ اور ایکسرے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
حادثہ کی اصل وجہ ڈلیوری بوائے کی لاپرواہی بتائی گئی ہے۔اس سلسلے میں ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جارہی ہے تاکہ حادثہ کے ذمہ دار کے خلاف مناسب کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔



