سفرحج میں دکھاوا اور سیلفی سے عبادات ضائع ہونے کا اندیشہ
مصری گنج میں عازمین حج کا آخری مرکزی تربیتی اجتماع۔ علماء و مشائخ کے خطابات
حیدرآباد۔4جون (اردولیکس) حج ہر صاحب استطاعت اور بالغ مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔ اسلام کے 5 بنیادی ستونوں میں حج پانچواں ستون ہے۔ ایک فرض حج کے بعد جتنے بھی حج کئے جائیں گے ان کا شمار نفل حج میں ہوگا۔ حج کرنے والے کے لئے جنت ہے۔ حجاج کرام خدا کے مہمان ہوتے ہیں۔ ان کی دعائیں قبول ہوتی ہیں۔ نیکیوں کے حصول کے بعد حاجی حضرات زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔ کوئی شخص استطاعت رکھنے کے باوجود حج نہ کرے تو وہ اللہ کی رحمتوں سے محروم ہوجاتا ہے بلکہ ہدایت کے راستے بھی مسدود ہوجاتے ہیں۔ ادائیگی حج کے بعد حضوراکرمؐ کی بارگاہ میں حاضری قبولیت حج کی نشانی ہے۔
بارگاہ نبویؐ میں حاضری کے جو آداب بتائے گئے ہیں ان کو ملحوظ رکھتے ہوئے حاضری دیں۔ سفر حج اور زیارات کے دوران اخلاص اور نیک نیت کے ساتھ عبادات و اذکار میں مصروف رہیں۔ دکھاوا، ریاکاری، سیل فون کے ذریعہ ویڈیوز اور سیلفی سے احتیاط کریں کیوں کہ اس سے عبادات کے ضائع ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیراہتمام، چشتی فاونڈیشن حیدرآباد کے اشتراک سے ریاستی عازمین حج کا آخری مرکزی تربیتی اجتماع محبوب فنکشن ہال مصری گنج میں منعقد ہوا۔
اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام اورمشائخ عظام نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مولانا مفتی محمدانوار احمد قادری نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ، مولانا سید محمدعلی قادری الہاشمی ممشادپاشاہ صدر مرکزی مجلس قادریہ، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری صدر مرکزی انجمن سیف الاسلام اور مولانا حافظ عرفان قادری نائب امیر سنی دعوت اسلامی تلنگانہ نے دن بھر جاری رہنے والے تربیتی اجتماع سے خطاب کیا۔ جناب خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ صدر چشتی فاونڈیشن حیدرآباد نے صدارتی خطاب کیا۔
جناب سید احمد پاشاہ قادری معتمد عمومی مجلس و رکن اسمبلی یاقوت پورہ نے بہ حیثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب میں عازمین سے خواہش کی کہ وہ خصوصی طور پر اپنے رشتہ داروں، دوست احباب اورملک و ملت کے علاوہ اپنے قائدین کے لئے بھی دعائیں کریں۔ جناب محمد معظم خان رکن اسمبلی بہادر پورہ نے عازمین حج کو مبارکباد دی کہ وہ خوش قسمت ہیں کیوں کہ اللہ نے لاکھوں کروڑوں میں ان کا انتخاب کیا ہے۔ مولانا ابوالفتح سید بندگی بادشاہ قادری رکن ریاستی وقف بورڈنے بھی خطاب کیا۔
جناب محمد عبدالمقتدر بابا کارپوریٹر جہاں نما و کنوینر اجتماع نے انتظامات کی نگرانی کی جب کہ شہ نشین پر ان کے ہمراہ جناب خواجہ مبشرالدین حسینی پاشاہ کارپوریٹرکشن باغ، جناب عبدالحنان نمائندہ کارپوریٹر نواب صاحب کنٹہ اور جناب ساحل اکبر نمائندہ کارپوریٹر گھانسی بازار کے علاوہ مولانا سید فریدالدین محمد محمدالحسینی بندہ نوازی، مولانا ڈاکٹر سیدشاہ سمیع اللہ محمد محمدالحسینی بندہ نوازی، مولانا سید شاہ ندیم اللہ حسینی، مولانا سید شاہ حسن قادری معشوقی، مولانا سید شاہ نجم الدین قادری واحدی، مولانا خواجہ غلام سبحانی صدیقی القادری اور دوسرے موجود تھے۔ ابتداء میں قاری محمد محی الدین افتخاری واصل پاشاہ کی قرأت کلام پاک سے تربیتی اجتماع کا آغاز ہوا۔ جناب محمد شفیع قادری اور جناب مرزا عارف اللہ بیگ قادری نے نعت شریف پیش کی۔
ڈاکٹر ہارون نے عازمین کو سفرحج پر روانگی سے قبل نگہداشت صحت سے متعلق ضروری ہدایات بتائیں۔ عازمین کو احرام باندھنے کے طریقہ کے علاوہ حج کے 5 دن اور دیگر اہم امور پر سوالات کے جواب بھی دیئے گئے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا این آر آئی برانچ کی چیف منیجر وندناگاندھی نے عازمین کو ایس بی آئی کی سہولتوں کے بارے میں واقف کروایا۔
حافظ عبدالقدیر صادق، جناب محمدانور علی، جناب محمد معجز مرزائی، جناب محمد حبیب محی الدین افتخاری، جناب محمدپاشاہ، جناب محمدسلیم اور دوسروں نے انتظامات میں حصہ لیا۔