تلنگانہ میں مسلم نوجوان کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنانے والے تین ملزمین گرفتار
آصف آباد – 31 اکتوبر ( اردو لیکس)تلنگانہ کے ضلع آصف آباد میں ہجومی تشدد کے معاملے میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسلم نوجوان کو غیر مسلم لڑکی کے ساتھ دیکھنے پر ہجوم نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے بری طرح زخمی کر دیا تھا۔ ہجوم نے نوجوان کو درخت سے باندھ کر، پھر اسے کھول کر بے رحمی سے مارا پیٹا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
متاثرہ شخص کی ماں کو بھی طلب کر کے ان پر حملہ کیا گیا۔ ان کی شکایت پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد ہجوم کے چنگل سے 19 سالہ نوجوان عابد حسین، جو کہ مرتھڈی گاؤں سے تعلق رکھتا ہے، کو بچایا اور اسپتال منتقل کیا۔ ہجوم نے پولیس پر بھی حملہ کیا اور ان کی گاڑی کو نقصان پہنچایا۔
کاغذ نگر کے ڈی ایس پی رامانجم اور کاغذ نگر رورل سی آئی سرینواس نے بتایا کہ اسگاوں گاؤں میں 26 تاریخ کو پیش آئے اس واقعے کے سلسلے میں پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ کچھ ملزمان تاحال مفرور ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔