تلنگانہ

ودیا والنٹیرز کے تقررات اور خصوصی ڈی ایس سی کے انعقاد کا مطالبہ، وزیر پونم پربھاکر سے اردو ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کی نمائندگی

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ اردو ٹرینڈ ٹیچرس اسوسی ایشن کے ایک وفد نے وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیئر پونم پربھاکر سے ملاقات کرتے ہوئے اردو مدارس کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ودیا والنٹیرز کے فوری تقررات کے علاوہ اردو زبان میں خصوصی ڈی ایس سی منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

اسوسی ایشن کے صدر حافظ یاسین بن خالد کے بموجب، اسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ سرور شاہ بیابانی اور افضل محی الدین کی قیادت میں وفد نے نوجوان سیاسی قائد شاہد آفریدی کے ہمراہ دسہرہ کے موقع پر وزیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے کہا کہ اردو مدارس میں اساتذہ کی کمی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں،

 

لہٰذا حکومت فوری طور پر ودیا والنٹیرز کا تقرر عمل میں لاتے ہوئے تدریسی کمی کو دور کرے۔ اس کے علاوہ کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے کے مطابق اردو زبان میں خصوصی ڈی ایس سی کا انعقاد عمل میں لانے کی بھی اپیل کی گئی۔

 

وزیر پونم پربھاکر نے وفد کی نمائندگی اور مسائل کو بغور سماعت کرتے ہوئے تیقن دیا کہ ودیا والنٹیرز کے تقررات جلد از جلد عمل میں لانے کے لئے حکومت سنجیدہ ہے۔

 

اس موقع پر حافظ سید مطہر الدین، قاضی محمد شجیع الدین، حافظ عبدالمجید اشتیاق، مرزا شوکت بیگ اور سہیل سمیت دیگر افراد موجود تھے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button