راہول گاندھی پر درج مقدمات فوری واپس لیے جائیں : محمد علی شبیر ؛ کاماریڈی میں کانگریس کا احتجاج

:کھرگے کی توہین ناقابلِ برداشت، کاماریڈی میں کانگریس کا سخت احتجاج،خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
راہول گاندھی پر درج مقدمات فوری واپس لیے جائیں : محمد علی شبیر
کاماریڈی4ستمبر(سیدکوثرعلی کی رپورٹ) کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کی مبینہ توہین اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی کے خلاف درج مقدمات کی مخالفت میں کانگریس پارٹی کی جانب سے کاماریڈی میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نظام ساگر چوراہے سے میونسپل دفتر تک کانگریس کارکنوں نے ریالی نکالی اور بعد ازاں میونسپل دفتر کے روبرو دھرنا دیا۔
اس موقع پر تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ذات پات کی تفریق اور چھوت چھات کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکارجن کھرگے دلت قائد ہونے کی وجہ سے ان کے پروگرام کے مقام کو گنگا جل سے پاک کرنے کا واقعہ قابلِ مذمت ہے۔ یہ صرف کھرگے کی توہین نہیں بلکہ دستورِ ہند اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات کی بھی توہین ہے۔
محمد علی شبیر نے مطالبہ کیا کہ راہول گاندھی کے خلاف درج مبینہ غیر قانونی مقدمات فوری واپس لیے جائیں اور کھرگے کی توہین کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے عوام کو دستیاب نہیں ہیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر اپوزیشن لیڈر کے عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شدید بارش اور سیلاب کے دوران کاماریڈی کے متاثرین کی مدد کے لیے کے سی آر اور کے ٹی آر نے کوئی توجہ نہیں دی۔
شبیر علی نے کہا کہ کانگریس حکومت کے ایک ہزار دن اور بی آر ایس حکومت کے دس سالہ دورِ اقتدار پر عوام کے سامنے کھلے مباحثے کے لیے کانگریس تیار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاستی حکومت کسانوں، خواتین، غریبوں، نوجوانوں اور دیگر طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اسکیموں پر عمل کر رہی ہے۔
جککل کے رکن اسمبلی لکشمی کانت راؤ نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ ذات پات کی تفریق کے خلاف جدوجہد کرتی رہی ہے اور راہول گاندھی کے خلاف مقدمات درج کرکے عوام کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔سابق ڈی سی سی بی چیئرمین پوچارم بھاسکر ریڈی نے بی آر ایس کے دس سالہ دورِ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت عوام کے درمیان پہنچ کر ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔احتجاج میں ڈی سی سی صدر ایلے ملکارجن، لائبریری چیئرمین چندراکانت ریڈی، ٹاؤن کانگریس صدر آئرینی سندیپ، پی سی سی جنرل سکریٹری اندرکرن ریڈی، میونسپل چیئرپرسن ایپّا اوما رانی سری نواس، محمد علی اسحاق عرف شیرو، سید اسرار احمد،عظمت علی ، سید سراج ، قدیر، آصف ، مختلف PACS چیئرمین، کانگریس قائدین، عوامی نمائندوں، مختلف محاذوں کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی




