جنرل نیوز

مسجد بنڈہ میں صفائی کارکنوں اور ان کے بچوں کیلئے ہیلت کیمپ

حیدرآباد۔ 26 ستمبر (پریس نوٹ) گڈ یونیورس این جی او کی جانب سے مسجد بنڈہ سلم بستی میں روٹری کلب آف سینیک پوری سکندرآباد کے تعاون سے غریب صفائی کارکنوں کے لئے ہیلت کمپ منعقد کیا گیا۔ گڈیونیورس اپنے ای 3 پراجکٹ کے تحت 200 خواتین اور بچوں کے لئے اس کیمپ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر صفائی کارکنوں اور ان کے بچوں کے دانتوں اور آنکھوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور ان میں ضروری اشیاء تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر گڈ یونیورس کے بانی کمل نائیک نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں خواتین کی نگہداشت، دیکھ بحال اور علاج کے بغیر انھیں بااختیار بنانے کا نظریہ مکمل نہیں ہوسکتا۔ اس رضاکار تنظیم کی جانب سے گذشتہ 6 برسوں سے شہر کے پسماندہ علاقوں میں خواتین کی نگہداشت صحت کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ گڈیونیورس کی کارکن نیلوفر نے بتایا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کا آغاز اچھی صحت سے ہوتا ہے اور ہم خواتین کو بہتر سے بہتر نگہداشت صحت فراہم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ روٹری فاؤنڈیشن کے صدرنشین ڈاکٹر سی چیتن کمار نے اس موقع پر دانتوں اور آنکھوں کے علاج اور دیکھ بحال اور آنکھوں کے عطیہ کی اہمیت پر زور دیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button