جنرل نیوز

سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی عالم اسلام کے مسلمانوں کی دل آزاریـ، قرآن ساری انسانیت کیلئے مکمل دستورِ حیات کل ہند

حیدرآباد۔28/جنوری (راست) قرآن مجید رب تعالیٰ کی طرف سے خاتم النبین اشرف الانبیاء نبی مکرم محمد عربی ﷺ پر نازل کی گئی آخری آسمانی کتاب ہے ۔ اس کی عظمت و حرمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ رب تعالیٰ نے خود اس کی حفاظت کا وعدہ کیا ہے اور اسے ساری انسانیت کی رہبری اور نظام حیات کا مکمل دستور قرار دیا ہے ۔ عصر حاضر میں آئے دن دشمنان اسلام اس طرح کی مذموم کوششیں کرتے آرہے ہیں جن کا مقصددین اسلام کو نقصان پہنچانا اور عالم اسلام کے مسلمانوں کی دل آزاری کرنا ہے

 

۔ یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ مسلمانانِ عالم کسی بھی صورت میں قرآن پاک کی بے حرمتی برداشت نہیں کرسکتے ۔ سویڈن کی حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری ان مجرمین کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شر پسند اس طرح کی مذموم و گھناونی حرکت کرنے کی کوئی کوشش نہ کرے ۔

 

ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی قادری شرفی ،مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ـ، مولانا ڈاکٹر اقبال احمد رضوی القادری ، مرزا نثار احمد بیگ نظامی سپریم کورٹ ایڈوکیٹ ‘ محمد شوکت علی صوفی ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی )، محمد شاہد اقبال قادری ( صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ) ، سید اعزاز محمد قادری ، عبید اللہ سعدی قادری شرفی نے اپنے مشترکہ بیانات کے ذریعہ کیا ۔

 

مزید یہ کہ عصر حاضر میں جہاں اسلام دشمن طاقتیں اسلامو فوبیا کے نام پر مسلمانوں پر تشدد کو بڑھاوا دے رہی ہیں وہیں تمام مسلم ممالک ایک عالمی اجلاس طلب کرکے ان فسطائی طاقتوں کے خلاف کوئی مثبت قدم اٹھائیں تاکہ مسلمانانِ عالم کا تحفظ ممکن ہوسکے ۔ مذہب اسلام جہاں خود امن کا مذہب ہے وہیں پر ساری انسانیت کی بھلائی اور امن کا پیغام دیتا ہے قرآن مجید اس کی روشن اور واضح مثال ہے ۔ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ سویڈن کی حکومت اس شر انگریزی پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے اور اس مذموم حرکت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے لیکن تمام عرب ممالک کو چاہئے کہ وہ سویڈن سے اپنی سفارتی تعلقات منقظع کرتے ہوئے عالمی عدالت میں اس مذموم حرکت کے خلاف مقدمہ دائر کریں ۔ وہیں مرکزی حکومت سے بھی مطالبہ ہے کہ وہ سویڈن کی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والوں کو فوری گرفتار اور سخت سزا کا مطالبہ کرے ۔ مزید یہ کہ اگر سویڈن کی حکومت سخت کاروائی کرتے ہوئے مجرمین کو سزا نہ دے تو تمام عرب ممالک اقوام متحدہ و عالمی عدالت میں اس کے خلاف توہین مذہب اور مقدس کتاب کی بے حرمتی پر مقدمہ درج کروائیں تا آنکہ سویڈن کی حکومت مجرموں کو سخت سزا دینے پر مجبور ہوجائے ۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی تمام مسلم ممالک اور خصوصی طور پر حکومت ہند سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ سویڈن کی حکومت سے تعلقات منقظع کرتے ہوئے مجرمین کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کی گھناونی حرکت کرنے کی کوئی شرپسند جرأت نہ کرسکے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button