انٹر نیشنل

دنیا کے 90 ممالک کی جیلوں میں 8 ہزار سے زائد ہندوستانی شہری قید

ریاض ۔ کے این واصف

وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے پارلمنٹ کے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ دنیا کے 90 ممالک میں کم سے کم آٹھ ہزار 330 ہندوستانی شہری قید ہیں جبکہ ان میں سے 1611 صرف ایک خلیجی ملک میں پابند سلاسل ہیں۔جاری کردہ بیان کے مطابق جمعرات کو ایوان بالا میں ایک تحریری جواب میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے بتایا کہ مشرق وسطٰی کے ممالک میں 4491 ہندوستانی شہری قید ہیں۔ ان کے علاوہ نیپال میں 1222، ملائیشیا میں 341، پاکستان میں 308، امریکہ میں 294، برطانیہ میں 249، چین میں 178، اٹلی میں 157 اور عمان میں 139 انڈین شہری قید ہیں۔

 

 

 

وزیر مملکت برائے امور خارجہ کے تحریری جواب کے مطابق انڈین شہری دنیا کے 90 ممالک کی جیلوں میں قید ہیں۔وی مرلی دھرن کا کہنا تھا کہ ’بیرون ملک جیلوں میں بند انڈین شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کا معاملہ بیرون ملک انڈین مشنز مقامی حکام کے ساتھ باقاعدگی سے اٹھاتے رہتے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میں پرائیویسی کے مضبوط قوانین کی وجہ سے مقامی حکام قیدیوں کے بارے میں معلومات اس وقت تک شیئر نہیں کرتے جب تک کہ متعلقہ شخص ایسی معلومات کی فراہمی پر رضامند نہ ہو۔

 

 

 

وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی کسی انڈین شہری کی حراست یا گرفتاری کی اطلاع انڈین مشن کو ملتی ہے، وہ فوری طور پر مقامی دفتر خارجہ اور متعلقہ مقامی حکام سے رابطہ کرتا ہے تاکہ معاملے کے حقائق کا پتا لگانے کے لیے قونصلر رسائی حاصل کی جا سکے۔واضح رہے کہ انڈین ایمبیسی ریاض اور انڈین قونصلیٹ جدہ کے شعبہ کمیونٹی ویلفیر میں ترحیل اور جیل خانوں کی ویزٹ کے لئے عہدیدار اور کارکن متعین ہوتے ہیں۔ جہاں تک سعودی جیلوں میں انڈینز کا سوال ہے ان کی تعداد کوئی پندرہ سو بتائی جاتی ہے۔ اور یہ افراد سنگین جرائم میں نہیں بلکہ مالیاتی معاملات، حادثات کے ہرجانہ، دیت (خوں بہا) اور اسی نوعیت کے معاملات میں محروس ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں ۲۵ لاکھ سے زائد ہندوستانی آباد ہیں اور وہ یہاں امن پسند باشندوں کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button