جنرل نیوز

شدید بارش کے پیش نظر عہدیداروں کو چوکس رہنے کی دی ہدایت: ضلع کلکٹر مزمل خان کی ٹیلی کانفرنس 

پداپلی :19/جولائی/2023(محمد استقام الدین) تلنگانہ کے پداپلی ضلع میں مسلسل شدید بارش کے پیش نظر عہدیداروں اور عوام کو چوکس رہنے کی ضلع کلکٹر پداپلی مزمل خان نے ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے شدید بارش کے پس منظر میں منگل کی شب ضلع، ڈویژن اور منڈل سطح کے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا انعاد عمل میں لایا

 

۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے اطلاع کے بموجب ضلع میں منگل کی رات سے 72 گھنٹے تک موسلادھار بارش کے امکانات ہیں، اس پس منظر میں عہدیداروں کو چوکس رہتے ہوئے ہمہ وقت دستیاب رہنے کی انھوں نے ہدایت دی۔میونسپل اور پنچایت راج کے عہدیداروں کو دیہات کے حدود میں پرانی، خستہ حال عمارتوں اور دیواروں کی نشاندہی کرنے, مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ضلع میں مختلف پراجیکٹس کے تحت تالابوں اور نہروں کے پانی کے ذخائر کو وقتاً فوقتا تنقیح کرنے، تالابوں اور نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے، ضلع کے کنٹہ، تالابوں اور ندیوں کے باندھ کی نشاندہی کرنے اور وقتاً فوقتاً 24 گھنٹے ان کی نگرانی کرنے کی ضلع کلکٹڑ نے ہدایت دی۔

 

ضلعی افسران، تحصیلداروں، ایم پی ڈی اوز، ایم پی اوز کو ہیڈ کوارٹر میں رہتے ہوئے شدید بارش کے پیش نظر آپسی ہم آہنگی سے کام کرنے، سیل نیٹ ورک ایریا میں پاور بینک کے ساتھ دستیاب رہنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ ہر منڈل میں ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے، تحصیلدار، ایم پی ڈی او اور ایم پی او کے فون نمبروں کو ہر موضع میں واٹس ایپ گروپس میں وسیع پیمانے پر عام کیا جائے، تاکہ لوگ ایمرجنسی کی صورت میں فون کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ دیہات میں نشیبی پُلوں پر پانی کے بہاؤ کی وقتاً فوقتاً تنقیح کی جائے، پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے کی صورت میں سڑکوں کو بند کرتے ہوئے بیاری کیڈس اور سائن بورڈز لگائے جائیں

 

۔ ضلع میں بلا تعطل بجلی کی سربراہی کے لیے اقدامات کیے جائیں، اگر بجلی کی تاریں کٹ کر گِرجائیں تو ان کی فوری مرمت کی جائے۔ موسلا دھار بارش کے پیش نظر ماضی کے تجربات کو ذہن میں رکھتے ہوئے نشیبی علاقوں کی نشاندہی کرنے اور وہاں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے قریبی علاقہ میں کیمپ کے قیام کے لئے تیار رہنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔

 

ضلع میں موسلادھار بارش کے پیش نظر عہدیداروں کو چوکس رہنے، جان و مال اور جانوروں کے نقصان سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے، صورتحال بہتر ہونے تک تالابوں, ندی، نالوں میں مچھلیاں پکڑنے اور نہانے کی اجازت نہ دینے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ ہنگامی صورتحال میں عوام کو متعلقہ علاقہ کے تحصیلدار، ایم پی ڈی او یا ایم پی او کو فون کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہدایت دی۔ اس ٹیلی کانفرنس میں ضلعی افسران، میونسپل کمشنران، تحصیلدار و دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button