جرائم و حادثات

آندھراپردیش میں برطانوی دور کا قدم پل منہدم۔ لاری ندی میں گرپڑی: ویڈیو دیکھیں

حیدرآباد: ریاست آندھراپردیش کے سریکاکولم ضلع کے اچھاپورم میں بہودا ندی پربرطانوی دور حکومت میں تعمیرکردہ ایک قدیم پل منہدم ہوگیا۔ آج صبح تقریبا 6 بجے اچانک زوردار آواز کے ساتھ یہ پل اس وقت منہدم ہوگیا۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب 70 ٹن وزنی پتھروں کی لاری اس پل سے گذررہی تھی۔اس حادثہ میں کسی کی موت یا پھر کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ یہ پُل 1929میں تعمیر کیاگیا تھا جو اِچھا پورم ٹاون کو قومی شاہراہ سے جوڑتا تھا۔ اس حادثہ کے بعد یہاں سے گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا اورزبردست ٹریفک جام ہوگیا۔ کہا جارہا ہے کہ بھاری بوجھ لے جانے والی گاڑیاں عام طور پر ملحقہ قومی شاہراہ کے اوپر سے گزرتی ہیں لیکن یہ لاری جو گرینائٹ سے بھری تھی اس پل سے گزررہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔ دریا میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ حادثے کے وقت پل پر ٹریفک نہیں تھی۔ لاری میں سوار ڈرائیور اور کلینر کو معمولی چوٹیں آئیں۔ متبادل کے طور پر پولیس بسوں اور دیگر گاڑیوں کو قومی شاہراہ کے کنارے سے موڑ رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button