نیشنل

اورنگ زیب کی اولاد والے دیویندر فڈنویس کے بیان کی گلزار اعظمی نے مذمت کی  

سوشل میڈیا پوسٹ کو لیکر کولہاپور میں تناؤ ، حالات قابو میں

اورنگ زیب کی اولاد والے دیویندر فڈنویس کے بیان کی گلزار اعظمی نے مذمت کی

ممبئی7, جون( پریس نوٹ) مہاراشٹر کے کولہاپور شہر میں متنازعہ سوشل میڈیا پوسٹ کی وجہ سے دو فرقوں کے درمیان تنائو پیدا ہوگیا جس کے بعد مقامی پولس اور انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امن میں خلل پیدا کرنے اور مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والے بجرنگ دل اور منسے کے کارکنان پر کارروائی کی۔

 

کولہاپور میں پیدا ہوئے تنائو کی خبر سید اظہر(صدر جمعیۃ علماء شہرکولہا پور ) نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزاراعظمی کو بذریعہ فون دی جس کے بعد گلزار اعظمی نے سابق وزیراقلیتی امور اور سینئر کانگریس لیڈر محمد عارف نسیم خان، قاری محمد ادریس انصاری صدر جمعیۃعلماء شہر پونے اورڈاکٹر عبدالمنان شیخ نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر سے گفتگوکی اور حالات کا جائزہ لیا۔

 

کولہا پور میں تنائو کے تعلق سے محمد عارف نسیم خان نے گلزار اعظمی کو بتایا کہ کولہاپور میں حالات قابو میں ہے ، مقامی پولس نے اضافی ریپڈ ایکشن فورس اوراسٹیٹ ریزرو پولس فورس طلب کیا اور ہنگامہ برپا کرنے والے برادران وطن پر لاٹھی چارج بھی کی ہے ۔

 

اس ضمن میں گلزار اعظمی نے بتایا کہ کولہاپور میں تنائو کی خبر انہیں موصول ہوتے ہی انہوں نے فوراًمحمد عارف نسیم خان اور جمعیۃ علماء کے مقامی ذمہ داران سے گفتگو کی اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد ضلع کلکٹر راہل ریکھاوراور سپرنٹنڈنٹ آف پولس( کولہاپور) شیلیس بالکواڑے کو بذریعہ ای میل خط روانہ کیا جس میں امن میں خلل پیدا کرنے والے شر پسندوں پرپولس کی بروقت کارروائی کی ستائش کی گئی اور پولس کے ساتھ تعاون کی بات کہی گئی۔

 

انتظامیہ کی توجہ مرکز مسجد پر شر پسندوں کی جانب سے پتھرائو کیئے جانے کی جانب دلائی گئی اسی طرح اکبر محلہ اور راجے باگیشور نامی علاقوں میں پتھرائو زنی کی واردات کی شکایت کی گئی ۔

 

بذریعہ ای میل انتظامیہ سے درخواست کی گئی وہ کولہاپور میں امن و امان قائم رکھنے کے لیئے مزید اقدامات کرے نیز خاطیوں پر قانون کے مطابق فوری کارروائی کرے ۔ مقامی مسلمانو ں سے انتظامیہ کا تعاون اور امن و امان برقرار رکھنے کی گذارش کی گئی۔

کولہا پور کے حالات کے تعلق سے نائب وزیر اعلیٰ و ہوم منسٹر دیوندر فڈنویس کے اس بیان کی گلزار اعظمی نے مذمت کی جس میں انہوں نے کہا کہ ہم رول نکالیں گے کہ اورنگ زیب کی اولاد کون ہے ۔

گلزار اعظمی نے کہا کہ ہوم منسٹر کو اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان دینے سے احتراز کرنا چاہئے،ایسے بیانات سے تناؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔

 

واضح رہے کہ گذشتہ کل کولہاپور میں سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹ وائرل ہوئی جس میں مبینہ طور پراورنگ زیب، ٹیپو سلطان وغیرہ کی تعریف کی گئی تھی، پوسٹ وائرل ہونے بعد بجرنگ دل اور منسے کے کارکنان نے علاقے میں ہنگامہ برپا کردیا اور علاقے میں توڑ پھوڑ شروع کردی اور کولہاپور بند کا اعلان کردیا جس کی وجہ سے پولس کوشہر میں 144؍ نافذ کرنا پڑا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button