تلنگانہ کے ایک رکن اسمبلی ڈاکٹر ومشی کرشنا نے غریب شخص کا کیا کامیاب آپریشن
حیدرآباد _ 22 مئی ( اردولیکس) تلنگانہ کے اچم پیٹ اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی ڈاکٹر ومشی کرشنا نے غریب شخص کا کامیاب آپریشن کرتے ہوئے اس کے پیٹ سے ٹیومر نکالا۔
اس طرح رکن اسمبلی ہوتے ہوئے بھی وہ اپنے پیشہ وارانہ فرض کو نہیں بھولے جس پر ان کی کئی گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے۔ ومشی کرشنا کو جب پتہ چلا کہ ناگرکرنول ضلع کے کوتہ پیٹ گاوں سے تعلق رکھنے والا رام لال نامی غریب شخص گذشتہ چند دنوں سے پیٹ میں درد سے متاثر ہے جو مالی مشکلات کے سبب پرائیویٹ اسپتال میں اپنا آپریشن کروانے کا متحمل نہیں ہے۔
انہوں نے اس بات پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اچم پیٹ کے سرکاری اسپتال میں اس کے ضروری طبی معائنے کروائے اور اس شخص کا خود آپریشن کرتے ہوئے اس کے پیٹ سے ٹیومر کونکالا۔ جس پر اس شخص کے گھر والوں نے ڈاکٹر ومشی کو کافی دعائیں دیں۔
تلنگانہ اسمبلی میں فی الحال کئی ڈاکٹرس نمائندگی کرتے ہیں اور وہ اپنے پیشہ سے بھی وابستہ ہیں جگتیال ضلع میں دو ارکان اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار جگتیال اور ڈاکٹر کے سنجے کورٹلہ میں وقت فوقتا مریضوں کا علاج کرتے ہیں