تلنگانہ

تلنگانہ بھون میں خون کا عطیہ کیمپ سے رکن کونسل کویتاکا خطاب

*غربت، بے روزگاری اور مذہبی تعصبیت ملک کے اہم مسائل*

 

*ملک کی موجودہ صورتحال میں مثبت تبدیلی ناگزیر*

 

*تلنگانہ بھون میں خون کا عطیہ کیمپ سے رکن کونسل کویتاکا خطاب*

 

حیدرآباد: 17/اگست (اردو لیکس) ملک کے اہم مسائل مذہبی تعصبیت، عدم رواداری، غربت اور بے روزگاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر تلنگانہ جاگرتی و رکن قانون ساز کونسل کویتا نے تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس حیدرآباد یونٹ کی جانب سے منعقدہ خون کا عطیہ کیمپ میں خون کا عطیہ دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے اگر غربت، بیروزگاری اور مذہبی تعصبیت کا خاتمہ کردیا جائے تو آزادی کے 100 سال مکمل ہونے سے قبل ہمارا ملک عالمی سطح پر نا قابل تسخیر طاقت کا حامل بن جائےگا۔

 

رکن کونسل نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال کی مثبت تبدیلی کے لائحہ عمل کو قطعیت دیں۔انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں جن اسکیمات کو نافذکیاہے ان اسکیمات کو ملک بھر میں روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو یہ سونچنا چاہئے کہ موجودہ حالات کو کیسے بدلا جائے۔ ایم ایل سی کویتا نے کہا کہ ہم سب کو ملک کی ترقی کے لیے از سر نومحنت کرنی چاہئے۔

 

ٹی آر ایس قائد نے مرکز کی بی جے پی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اسکیمات کوفری بی بتا کرمستحقین کا مذاق نہ اڑائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ غرباء و مستحق افراد کی ترقی میں ان کی مدد کرے۔ کویتا نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے متعارف کی گئی اسکیمات پرمرکز کی تنقید درست نہیں ہے۔

 

قبل ازیں محترمہ کے کویتا نے کے کیشو راؤ رکن راجیہ سبھا کے ہمراہ خون کے عطیہ کیمپ کا افتتاح انجام دیا۔اس موقع پر اراکین اسمبلی گوپی ناتھ، دانم ناگیندر، مئیر حیدرآباد گدوال وجئے لکشمی،ٹی ایس فوڈ کارپوریشن چئیرمین ایم راجیو ساگر، جی ناگیش،سابق ڈپٹی مئیر با با فصیح الدین، وپلو ریڈی اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button