مسجد حمیدیہ جگتیال کے مکتب میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی؛

مسجد حمیدیہ جگتیال کے مکتب میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی؛
والدین سے بچوں کو مکتب سے جوڑے رکھیں مولانا عبدالرحمن حسامی کا دینی تعلیم کی اہمیت پر زور۔
جگتیال، 4 جون (پریس ریلیز) مسجد حمیدیہ جگتیال کے زیر اہتمام جاری مکتب میں دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک روحانی و تربیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا،
جس میں ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے ایک طالب علم محمد ارشد ولد محمد سمیع الدین اور ایک طالبہ عائشہ صدیقہ ولد سید منصور کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی اور تمام 50 طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ممتاز عالم دین حضرت مولانا عبدالرحمن حسامی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ دورِ حاضر میں بچوں کو دینی تعلیم سے جوڑنا ایک ناگزیر ضرورت ہے
، ورنہ باطل قوتیں مختلف طریقوں سے نئی نسل کو اپنے جال میں پھنسا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماں باپ کی سب سے بڑی ذمہ داری یہی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مسجد، مکتب اور قرآن سے وابستہ رکھیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مکتب کی تعلیم سے بچوں کو محروم کیا گیا تو وہی اولاد دنیا و آخرت میں پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔
مولانا نے ناظرہ قرآن مکمل کرنے والے طالب علم اور طالبہ کے لئے دعاؤں سے نوازا اور بچوں کی محنت و اساتذہ کی کوششوں کو سراہا۔ اس پروگرام کی نظامت مسجد حمیدیہ کے امام و خطیب مولانا شیخ خلیل احمد قاسمی نے انجام دی، جبکہ صدر احمد باشاہ صاحب اور مسجد کمیٹی کے دیگر ذمہ داران نے بھرپور تعاون کیا۔
تقریب کا اختتام مولانا خلیل احمد قاسمی کی رقت آمیز دعا پر ہوا، جس میں امت کے حال، نئی نسل کی حفاظت، اور دینی شعور کی بیداری کے لیے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعائیں کی گئیں۔