جنرل نیوز

حق رائے دہی جمہوریت کی اصل طاقت‘نوجوان ووٹر آئی ڈی کارڈ حاصل کریں

گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں قومی ووٹرس ڈے تقریب سے رکن اسمبلی کے مانک راؤ کا خطاب

ظہیر آباد(25جنوری۔ پریس نوٹ) ہندوستان دنیا کی سب سی بڑی جمہوریت ہے اور اس کی اہم خاصیت یہاں ملک کے ہر شہری کو 18سال کی عمر سے حق رائے دہی کا اہل قرار دیا جاتا ہے اس کے لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ فہرست رائے دہندگا ن میں اپنا نام شامل کرانے کے لیے ووٹر آئی ڈی کارڈ حاصل کرتے ہوئے حق رائے کے اہل ہوجائیں اور اپنی پسند کے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہوئے ملک و قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادار کریں۔ ہم ذات پات مذہب اور زبان و تہذیب کے لحاظ سے الگ الگ ہیں لیکن ہندوستان جیسے گلشن میں ہماری جمہوریت کی جانب سے ہمیں ہندوستانی شہری قرار دیا گیا ہے یہ وہ شناخت ہے جو ہمیں ایک ہندوستانی قوم کے دھارے میں بانٹتی ہے اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس جمہوری عمل کا حصہ بنیں۔ اور ہندوستان کی تعمیر میں حصہ لیں ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی ظہیر آباد جناب کے مانک راؤ نے تیرہویں نیشنل ووٹرس ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ظہیر آباد ٹاؤن سے ریلی کی شکل میں تمام جونیر و ڈگری کالجوں کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد اس پروگرام میں شریک ہوئی۔ مقامی ایم آر او‘ آر ڈی او محکمہ پولیس کے افسران مختلف جونیر و ڈگری کالجوں کے پرنسپلس لیکچررز اصحافیوں اور مقامی عوام نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ ڈگری کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی جمہوریت کے عمل میں شامل ہونے کے لیے نوجوانوں کو ووٹر آئی ڈی کارڈ بنانا چاہیے اس سال کالج سے سو سے زائد طلبا و طالبات نے ووٹر آئی ڈی کارڈ بنوایا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہماری طاقت ہے اور اس طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ہم اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ طلباء کو ای وی ایم ماڈل کے ذریعے رائے دہی کے عمل کی مشق کرائی جائے گی۔ اس موقع پر کالج میں منعقدہ رنگولی پروگرام میں شرکت کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اچاریہ ڈگری کالج کے طلباء نے انعام اول و دوم حاصل کیا جب کہ گورنمنٹ ڈگری کالج کے طلباء نے انعام سوم حاصل کیا۔ مقامی گورنمنٹ جونیر کالج کے طلباء کے تحریری و تقریری مقابلوں کے انعامات بھی تقسیم کیے گیے۔ نیشنل ووٹرس ڈے کی مناسبت سے تمام حاضرین طلباء و طالبات کو ووٹرس ڈے کا حلف دلایا گیا۔ مقامی آر ڈی او اور ایم آر او نے تقریب سے خطاب کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button