مبارکباد

مدرسہ مصباح الہدیٰ مسجد نور کاماریڈی کے طالب علم حافظ شیخ یاسین سلمہ کے مکمل قرآن مجید ایک نشست میں سنانے پر پیش کی گئی تہنیت

حفاظ کرام کا مرتبہ آخرت میں بہت بلند ہوگا۔ 

مدرسہ مصباح الہدیٰ مسجد نور کاماریڈی کے طالبعلم حافظ شیخ یاسین سلمہ نے مکمل قرآن مجید (ایک بیٹھک میں) سنانے پر تہنیتی تقریب سے حافظ محمد فہیم الدین منیری صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی کا خطاب

 

کاماریڈی 17/مارچ (اردو لیکس) قرآن مقدس ایسی بابرکت کتاب ہے جس کا پڑھنا اور پڑھانا خیر وبرکت اور نفع کا ذریعہ ہے، روز محشر حافظ قرآن کا مرتبہ بلند و بالا ہوگا، حافظ قرآن سے کہا جائے گا کہ ایک ایک آیت پڑھتا جا اور بلندی کے زینہ پر چڑھتا جا، چنانچہ جہاں تک پڑھے گا اتنے ہی درجہ بلند ہوگا، ان خیالات کا اظہار خادم ملت حضرت حافظ محمد فہیم الدین منیری (صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی) نے مدرسہ مصباح الہدیٰ مسجد نور کاماریڈی میں منعقدہ جلسہ تقسیم انعامات وتکمیل حفظ قرآن مجید کے موقع پر کیا، مولانا مفتی خواجہ شریف مظاہری (ترجمان مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی) نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدرسہ ہذا کے طالبعلم عزیزم شیخ یاسین بن حافظ شیخ عبداللہ منیری صاحب متوطن نظام پیٹ نے بحمدللہ اساتذۂ مدرسہ محترم حافظ محمد خواجہ یاسین حلیمی، حافظ محمد مجاہد منہاجی، مفتی ریحان قاسمی کو آج 27 شعبان مطابق 16 مارچ 2023ء بروز پنجشنبہ تہجد سے لے کر دوپہر دو بجے تک ایک بیٹھک میں مکمل قرآن مجید حفظا سنانے کی سعادت حاصل کی ہے، یہ حقیقت میں بڑی سعادت کی بات ہے،

 

اللہ تعالیٰ مدرسہ کے اساتذہ و عملہ کی محنتوں اور کاوشوں کو بےحد قبول فرمائے، یقینا قرآن مجید لاریب کتاب ہے، با برکت کتاب ہے، یہ 23 سالوں کے عرصہ میں نبیﷺپر اتاری گئی، قرآن مجید ہماری زندگی کا سرمایہ اور ضابطۂ حیات ہے، یہ جس راستے کی طرف ہماری رہنمائی کرے ہمیں اُسی راہ پر چلنا ضروری ہے، اس پر عمل پیرا ہونے سے فلاح پاسکتے ہیں، عزت و منزلت اور وقار حاصل کرسکتے ہیں، اور اس سے دوری کا نتیجہ اخروی نعمتوں سے محرومی، ابدی ناکامی اور بدبختی کے سوا کچھ نہیں، اللہ نے قرآن کو بہت آسان کرکے بندوں کے سامنے پیش کیا، قرآن میں جسمانی روحانی بیماریوں کی شفاء ہے، حضورﷺ کا ارشاد ہے کہ تم میں بہتر شخص وہ ہے جو قرآن پاک سیکھے اور دوسروں کو سکھائے، نیز رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ قرآن پڑھا کرو اس لیے کہ قرآن اپنے پڑھنے والوں کے لیے قیامت کے دن سفارش کرے گا،

 

حضور اقدسﷺ کا فرمان ہے کہ حق تعالیٰ شانہ اس کتاب یعنی قرآن پاک کی وجہ سے کتنے لوگوں کا مرتبہ بلند کردیتا ہے، اور کتنی ہی لوگوں کو پست وذلیل کرتا ہے، حدیث رسول ﷺ ہے کہ بیشک یہ قرآن اللہ تعالیٰ کا دسترخوان ہے، پس جو اس دستر خوان میں شامل ہوگیا، اسے امن نصیب ہوگیا، حافظ محمد عبدالرحمن حلیمیؔ (ناظم ادارہ منیر الاسلام حیدرآباد) نے قرآن مقدس کی آخری سورتیں سن کر رقت انگیز دعا فرمائی، واضح رہے کہ مدرسہ ھذا کے 11 طلباء نے اس سال حفظ قرآن مجیدمکمل کرنے کی سعادت حاصل کی ہے، حافظ محمد عبدالواجد علی حلیمیؔ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر جناب ڈاکٹر وقاری محمد منیرالدین صاحب رکن شوریٰ مدرسہ ہذا، الحاج سید سید ذاکر حسین رکن مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کاماریڈی، الحاج سید عظمت علی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کاماریڈی، حافظ محمد یوسف حلیمیؔ انور، محمد افضل واہل خیر نے نو فارغ حفاظ کرام اور اساتذۂ مدرسہ کی خدمت میں تہنیت پیش کی، انعام اول کے مستحقین میں محمد نواز خان صدر مسجد نور، حافظ محمد مشتاق حلیمیؔ، مولانا شعیب خان، مولانا منظور مظاہری، مولانا نظرالحق قاسمی، حافظ محمد غوث ملی نے انعامات پیش کیا، نیز شہ نشین پر محترم مولانا ابصار ومفتی محمد ارشد، قاری مجاہد صدیقی، قاری عظمت اللہ خان، مولانا اسلم حلیمی کے علاوہ علماء کرام، حفاظ عظام، ائمہ کرام صدور وذمہ داران وعلمی دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی، محمد عبد الرزاق، محمد کلیم الدین، محمد رفیع الدین، محمد عبد الحمید ونوجوانان نے استقبال کیا، جناب حافظ شیخ عبداللہ منیری حفظہ اللہ نے حاضرین کے لئے خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button