جنرل نیوز

مولانا غیاث احمد رشادی کی عام فہم درس قرآن کی مکمل چھ جلدوں کا آج بروز اتوار اجراء

حیدرآباد۔ 18/مارچ (پریس نوٹ) مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی و ڈاکٹر مزمل انظر کی اطلاع کے بموجب سرزمین دکن میں دروس کی شکل میں لکھی گئی اپنی نوعیت کی پہلی تفسیر بنام ”عام فہم درسِ قرآن“ (چھ جلدیں مکمل) مفسر مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیاکے رسم اجراء کے موقع پر منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیاو رشادی پبلشرز حیدرآبادکے زیراہتمام اجلاس عام بعنوان ہر گھر کے ہر فرد کا قرآن حکیم سے تعلق،موجودہ حالات میں دینی و ملی تقاضے آج بتاریخ 19/مارچ 2023 ء م 26/شعبان المعظم 1444 ھ بروز اتوار صبح دس بجے تا ظہر،بمقام روز گارڈن چمپا پیٹ روڈ حیدرآباد، زیرسرپرستی عارف باللہ حضرت مولانا شاہ جمال الرحمٰن مفتاحی صاحب دامت برکاتہم، زیر نگرانی حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب صدر جمعیۃ العلماء تلنگانہ و آندھرا،زیرصدارت مولانا غیاث احمد رشادی صاحب مدظلہ زیرانتظام جناب الحاج عادل احمد خان صاحب ٹرسٹی و مولانا عبدالمجید تبریز القاسمی صاحب ٹرسٹی منعقد ہوگا۔

 

مولانا غیاث احمد رشادی نے بڑی عرق ریزی سے تقریباً پانچ ہزار صفحات اور دو ہزار چار سو دروس پر مشتمل سہل انداز میں تیس پاروں کی جو تفسیر چھ جلدوں میں تحریر کی ہے جس کو منبر و محراب فاؤنڈیشن اور رشادی پبلشرزکثیر صرفہ سے شائع کررہا ہے۔ اس تفسیر کی رسم رونمائی شہر و ریاست ممتاز اکابر علماء کرام و معززین شہر کی موجودگی میں عمل میں آئے گی، دکن کی سرزمین میں لکھی گئی اس مثالی تفسیر کو پہلے مرحلہ میں جنوبی ہند کی مختلف ریاستوں کے قریہ جات میں قائم چار ہزار مساجد تک پہنچانے کا عملاً آغاز بھی اس موقع پر کیا جائے گا اور سینکڑوں ائمہ مساجد کی خدمت میں بطورِ ہدیہ یہ تفسیری مجموعہ پیش کیا جائے گا۔اس اجلاس میں موجودہ دور کے دینی و ملی تقاضوں کے پیش نظر منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا نے نوجوان لڑکیوں و خواتین کی دینی تربیت کے لئے جو مراکز نسوان قائم کی ہیں نیز اسکولی طلباء کے اخلاق و کردار کے لئے جو بیسٹ کیرکٹر پروگرام وسیع پیمانے پر چلایا ہے اس کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔

 

چوں کہ منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا نے عام فہم درس قرآن کی وسیع پیمانہ پر اشاعت کا عزم کیا ہے اور پہلے مرحلہ میں چار ریاستوں کی چار ہزار ایسی مساجد تک اس تفسیر کو بطور ہدیہ پہنچانے کا نشانہ رکھا ہے اس وسیع پروجیکٹ کے لئے اہلِ خیر سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ اپنی جانب سے اور اپنے مرحومین کی جانب سے اور اپنے افراد خاندان کی جانب سے اپنی اپنی حیثیت سے اس تفسیری مجموعہ کو پہنچانے میں حصہ لیں۔ تقریباً پانچ ہزار صفحات پر مشتمل جملہ چھ جلدوں کی اس تفسیر ”عام فہم درس قرآن“کی اصل قیمت 4500/- روپئے ہے لیکن دیہاتوں میں قائم مساجد تک وسیع پیمانہ پر پہنچانے کی غرض سے اس کو اصل لاگت پر صرف 2500/- روپئے میں فراہم کی جارہی ہے۔ واضح ہو کہ یہ رعایتی قیمت صرف دیہاتوں تک پہنچانے کی غرض سے حصہ لینے والوں کے لئے ہے تاہم رشادی پبلشرز سے یہ تفسیری مجموعہ اجراء کے دن مقام اجلاس کے باب الداخلہ پر 2500 روپیے میں اور اس کے بعد دفتر رشادی پبلشرز واقع مسجد الفلاح واحد نگر سے راست حاصل کرنے پر 3000/- روپئے میں فروخت کرے گا۔جو حضرات اس اجلاس سے خریدنا چاہتے ہوں وہ اس رعایت سے استفادہ کرسکتے ہیں اس کے علاوہ حیدرآباد کے دینی کتب خانوں میں بھی دستیاب رہے گی جس کی قیمت 4500/- روپئے ہوگی اور اس میں رعایت کرنا ان کی صوابدید پر ہوگا۔ درخواست ہے کہ قرآن مجید سے اپنی وابستگی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے آپ اپنے اعزہ و اقارب نیز دوست و احباب کے ساتھ شرکت فرمائیں۔نوٹ: خواتین کے لئے بھی پردہ کا معقول نظم رہے گا۔ آپ کے قیمتی وقت کے احساس کو ملحوظ رکھتے ہوئے اجلاس کا بروقت آغاز ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button