تلنگانہ

ٹی آر ایس سے بی آر ایس کس طرح ہوئی پارٹی کے نام کی تبدیلی

حیدرآباد _ 5 اکتوبر ( اردولیکس) تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس نے پارٹی کے جنرل باڈی اجلاس میں ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے ٹی آرایس کو بی آرایس میں تبدیل کردیا۔نام کی تبدیلی کس طرح کی گئی؟عوامی نمائندوں کے ایکٹ 1951کی دفعہ 29اے کے تحت نام کی تبدیلی کی گئی ہے جس کے لئے بعض قوانین پر سختی کے ساتھ عمل کیاگیا۔

 

مرکزی الیکشن کمیشن نے پارٹیوں کو کسی بھی وقت قواعد پر عمل کرتے ہوئے نام تبدیل کرنے کی اجازت دی ہے۔کسی بھی سیاسی جماعت کو نئی پارٹی کا نام ہندی، انگریزی یا علاقائی زبان میں رکھنے کے فیصلہ کاحق حاصل ہے تاہم نئے نام سے کسی اور موجودہ سیاسی جماعت پر منفی اثر نہیں پڑنا چاہئے۔پارٹی کے جنرل باڈی اجلاس میں قرارداد منظور کئے بغیر بھی سیاسی جماعتیں اپنے نام کو تبدیل کرسکتی ہیں۔اس طرح نام کی تبدیلی کی درخواست ملنے پر مرکزی الیکشن کمیشن اس کا جائزہ لے گا اور اندرون 30دن اس کا فیصلہ کرے گا۔کمیشن، نام کی تبدیلی کی اجازت دینے سے پہلے اس عرصہ کے دوران وصول ہونے والے تمام اعتراضات اور تجاویز پر بھی غور کرے گا۔

 

ماضی میں ترنمول کانگریس نے اپنی پارٹی کے نام کے ساتھ آل انڈیا کو جوڑتے ہوئے ترنمول کانگریس کو آل انڈیا ترنمول کانگریس بنادیاتھا۔اس کو کمیشن نے منظوری دی تھی۔اب تلنگانہ راشتراسمیتی(ٹی آرایس) بھی اسی سمت ایسا ہی قدم اٹھارہی ہے۔

 

قبل ازیں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، نیشنل پیپلز پارٹی اورترنمول کانگریس کو پارٹی کی قراردادوں کے ذریعہ قومی پارٹیوں کے طورپر تسلیم کیاگیا تھا۔ دوسری طرف عام آدمی پارٹی بھی قومی پارٹی بننے کیلئے کوشش کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ٹی آرایس کی درخواست کو منظوری دیئے جانے کے بعد آئندہ انتخابات کا سامنا ٹی آرایس، بی آرایس کے طورپر کرے گی۔نئے ایجنڈہ کے ساتھ قومی پارٹی، اگلا انتخاب لڑے گی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button