تلنگانہ آر ٹی بس ڈرائیورس کے سیل فون رکھنے پر پابندی

تلنگانہ آرٹی سی میں یکم ستمبر سے 30ستمبرتک آر ٹی سی ڈرائیوروں کے موبائل فون رکھنے پر پابندی عائد کرتے کا انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے ۔
تلنگانہ آر ٹی سی بس حادثات کو کم کرنے کے لیے انتظامیہ نے کئی اقدامات شروع کیے ہیں۔ اسی سلسلہ میں ڈرائیونگ کے دوران آر ٹی سی بس ڈرائیوروں کے لیے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ آج سے اس ماہ کی 30 تاریخ تک آر ٹی سی ڈرائیوروں کے پاس موبائل فون رکھنے پر پابندی نافذ کرنے کا انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبہ کو تجرباتی پروجیکٹ کے طور پر ریاست کے 11 ڈپوؤں میں نافذ کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہاں حاصل ہونے والے نتائج کی بنیاد پر اسے ریاست بھر میں نافذ کرنے پر غور کیا جائے گا۔ ریاست میں جملہ 97 آر ٹی سی ڈپو ہیں جن میں سے 11 کو اس پروجیکٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ منتخب ڈپوز میں ڈرائیوروں کو ڈیوٹی شروع کرنے سے پہلے اپنے موبائل فون ڈپو مینیجر کے حوالے کرنے ہوں گے جو ڈیوٹی مکمل ہونے کے بعد ہی واپس لیے جا سکیں گے۔ اگر کسی ڈرائیور تک کوئی فوری اطلاع پہنچانی ہو تو اس بس
کے کنڈکٹر کے موبائل نمبر پر رابطہ کیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد، ریاست بھر میں اسے نافذ کرنے کے لیے آر ٹی سی انتظامیہ اقدامات کرے گی۔