انٹر نیشنل

جبل النور کے دامن میں “حرا ثقافتی مرکز” عازمین کی توجہ کا خاص مقام

ریاض ۔ کے این واصف

مکہ شہر میں تاریخی اہمیت کے حامل مقامات کو زائرین کی دلچسپی کے لئے سجایا سنوارا گیاہے۔ مکہ مکرمہ میں جبل النور کے دامن میں بنایا گیا “حرا ثقافتی مرکز” اپنی اسلامی ثقافتی تاریخ اور علمی حوالے سے زائرین کی خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی “ایس پی اے”کے مطابق جبل النور کے علاقے میں بنایا گیا یہ منصوبہ 67 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے۔

 

حرا ثقافتی مرکز میں عازمین اور زائرین کے لیے اسلامی تاریخ کے آغاز اور پہلی وحی کے نزول کے واقعہ کو منفرد خاکوں کی مدد سے بیان کیا‌گیا ہے۔مرکز میں موجود خاص پویلین “وحی نمائش” میں زائرین کے لیے آڈیو اور ویڈیو کی مدد سے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی سیرت مبارکہ ، پہلی وحی نازل ہونے کا واقعہ اور حضرت خدیجہؓ سے متعلق واقعہ بیان کیا‌گیا ہے۔

 

حرا ثقافتی مرکز میں قرآن پاک میوزیم بھی بنایا گیا ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے منفرد انداز میں قرآن پاک کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔جبل النور کے قریب قائم مرکز میں اسلامی ثقافت کے حوالے سے لائبریری کے علاوہ ایک باغیچہ بھی بنایا گیا ہے جو عازمین کو پرسکون ماحول مہیا کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button