انٹر نیشنل

“میٹرو ریاض” کا جلد آغاز کیا جائے گا: سعودی وزیر ٹرانسپورٹ

ریاض ۔ کے این واصف

“ریاض میٹرو”پراجکٹ کی تعمیر کا آغاز سن 2014 میں ہوا۔ کورونا وباء اور دیگر وجوہات کی بنا پر اس پروجکٹ کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔ لیکن اب سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز صالح الجاسر نے کہا ہے کہ میٹرو ریاض جلد شروع کی جائے گی جس سے دارالحکومت کی ٹریفک میں بہتری آئے گی۔

 

ریاض میں منعقدہ فیوچر آف ایوی ایشن کانفرنس کے ڈائیلاگ سیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاض شہر میں تیزی سے آبادی میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ سیاحت اور کاروباری شعبوں میں بھی ترقی ہوئی ہے جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا مسئلہ کافی اہمیت اختیار کرگیا تھا۔اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ریاض کے روڈز نیٹ ورک کی بہتری کے لیے 70 ارب ریال کا بجٹ مخصوص کیا گیا ہے۔

 

وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا مملکت میں سالانہ 2 فیصد تک کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے جامع منصوبے پر کام جاری ہے جس کے لیے جدید ترین نقل و حمل کے ذرائع کو استعمال کیا جارہا ہے جبکہ نئے ایندھن سے بھی استفادہ کیا جارہا ہے۔ ہائیڈروجن سے چلنے والی ریلوے اور ٹرکس منصوبے کے علاوہ مملکت میں بجلی سے چلنے والی کاریں بھی موجود ہیں۔

 

واضح رہے ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں تین روزہ فیوچر آف ایوی ایشن کانفرنس 2024 کا آغاز کیا گیا جس میں 30 وزار کے علاوہ ایوی ایشن کے شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور 120 ممالک کے ماہرین شرکت کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button