وزارت اسلامی امور کے تحت عازمین حج کےلیے مفت وائی فائی سروس کا انتظام
ریاض۔ کے این واصف
آج کے دور مین موبائل فون اور وائی فائی انسان کے لئے جزءلاینفک ہوگیاہے۔ لوگ ایک لمحہ کے لئے بھی نٹ کے بغیر نہیں رھ سکتے۔ عازمین کے لئے نٹ کے ضرورت کے پیش نظر سعودی وزارت اسلامی امور نے عازمین حج کے لیے الجعرانہ میں التنعیم اور الحل مساجد، قرن المنازل اور وادی محرم میقات پر مفت وائی فائی سروس فراہم کی ہے۔یہ سروس وزارت کے منظور شدہ حج 2024 منصوبے کے تکنیکی خدمات کے حصے کے طور پر فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک رسائی کے ذریعے عازمین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق عازمین ہائی سپیڈ وائی فائی کے ذریعے وزارت کی الیکٹرانک سروسز براؤز کرنے کے ساتھ انہیں اپنے سمارٹ ڈیوائسز پر ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت ہوگی۔ڈیجیٹل اسلامی لائبریری میں موجود 45 سے زائد زبانوں میں تین ہزار سے زیادہ قانونی اور سائنسی مواد پر مشتمل کتب بھی ڈاون لوڈ کرسکیں گے۔
مفت وائی فائی سروس کے ذریعے عازمین حج سے متعلق استفسارات کے جوابات تلاش کرنے اور وزارت کی تیار کردہ معلوماتی اور گائیڈ وڈیوز تک رسائی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ بہر حال وائی فائی کی فراہمی بھی عازمین کو بہم پہنچائی جانے والی خدمات میں سے ہی ایک ہے۔