گرمی کی غیرمعمولی لہر جاری رہی تو سال 2024 گرم ترین سال ہوجائے گا
ریاض ۔ کے این واصف
سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی حصوں میں امسال قہر خیز گرمی دیکھی گئی۔ اس سال سعودی عرب سے یورپ تک کئی ممالک میں گرمی کی غیرمعمولی لہر دیکھی گئی جو گزشتہ برسوں سے زیادہ ہے۔ 2024 کا موسم گرما سب سے گرم بن سکتا ہے۔اخبار 24 کے مطابق سعودی نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے موسم گرما کی رپورٹ میں مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں دو ڈگری تک کا اضافے کی توقع ظاہر کی تھی۔
محکمہ موسمیات کے سرکاری ترجمان حسین القحطانی نے جولائی میں کہا تھا کہ مکہ مکرمہ میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 52 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اوسط سے دو ڈگری سینٹی گریڈ اور ریاض و مشرقی علاقوں میں درجہ حرارت میں 1.5 سینٹی گریڈ تک اضافے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔ یورپی یونین کے موسمیاتی تبدیلی کی مانیٹرنگ ادارے “کوپرنیکس کلائمنٹ چینج سروس” نے کہا تھا کہ جولائی 2024 گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال سب سے گرم ترین مہینہ تھا۔ 21 جولائی تاریخ کا سب سے گرم ترین دن رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ 2024 اب تک کے ریکارڈز کے مطابق گرم ترین سال کے طور پر 2023 کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔ پچھلے کئی ماہ سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ گرمی کی شدت اور موسمیاتی تبدیلیوں نے پہلے ہی 2024 کے دوران پوری دنیا میں تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں۔