سات ماہ کے دوران 4.2 ملین غیرملکی سیاحوں کی سعودی عرب آمد
ریاض ۔ کے این واصف
سعودی عرب شعبہ سیاحت پر ایک عرصہ سے خصوصی توجہ دے رہاہے۔ اور اس کے اچھے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں سعودی وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات ماہ میں مملکت آنے والے غیرملکی سیاحوں کی تعداد 4.2 ملین سے رہی جو گزشتہ برس
سے 25 فیصد جبکہ سال 2019 کے مقابلے میں 656 فیصد زیادہ ہے۔ ایس پی اے کے مطابق عالمی یوم سیاحت کے موقع پر وزارت کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ رواں برس جنوری سے جولائی تک 17.5 ملین غیرملکی سیاح مملکت آئے جبکہ سال 2019 کے مقابلے میں یہ تعداد 73 فیصد زیادہ ہے۔
سعودی وژن 2030 کو مدنظررکھتے ہوئے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے جامع انداز میں کی گئی منصوبہ بندی کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سال 2023 میں ہی سیاحتی کمیٹی نے سو ملین سیاحوں کا ہدف پورا کرلیا تھا جو 2030 کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔بہترین سیاحتی مقامات اور تفریحی سرگرمیوں کی وجہ سے مملکت عالمی سیاحت کا مرکز بن گیا۔
اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی رپورٹ برائے 2024 کے مطابق گزشتہ برس 2023 کے دوران سعودی عرب آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو جی 20 ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔