نعت گوئی کے لئے ذہنی پختگی اور شعور ضروری۔ ادبی فورم ریاض کی محفل نعت۔
ریاض ۔ کے این واصف
معروف تنظیم “ادبی فورم ریاض” ایک رجحان ساز ادبی تنظیم ہے۔ جو نثر ی و شعری شعبہ مین صاف ستھرے ادب کو فروغ دینے کی سعی مسلسل کررہی ہے۔ یہ وسیع گروپ وقفہ وقفہ سے نثر و شعری نشستوں کا اہتمام کرتا ہے۔ادبی فورم ریاض نے جمعہ کی شام ایک شاندار حمدیہ و نعتیہ محفل کا اہتمام کیا۔ محفل کی صدارت کی صدارت علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر انعام اللہ بیگ فلاحی نے کی۔ مہمان خصوصی و مہمان اعزازی کے طور پر قیوم احمد اور ارشد نوری شرکت کی۔ نظامت کے فرائض حسان عارفی نے انجام دیئے۔
محفل کے دیگر شہ نشینوں میں صدر تنظیم طاہر بلال کے ساتھ ممتاز شاعر ظفر محمود ظفر اور معروف صحافی کے این واصف بھی جلوہ افروز ہوئے.محفل کا آغاز نو عمر قاری حنظلہ زبیر سلطان کی قراءت کلام پاک سے ہوا۔ مشہور نعت خواں نعیم صدیقی اور نو عمر طالب علم حمدان نے اپنی مترنم آواز میں حمد و ثناء پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ روایت کے مطابق پہلے نثری نشست ہوئی جس میں وسیم قریشی، جمیل احمد اور زکریا سلطان نے اپنی تخلیقات پیش کین۔ مضمون نگارون نے نعت گوئی کی تاریخ، آداب نعت گوئی اور نعت گوئی مین غلو سے احتراز پر زور دیا۔ حسان عارفی نے کہا کہ نعت گوئی کے لئے ذہنی پختگی اور شعور کا ہونا ضروری ہے۔چائے کے وقفہ کے بعد شعری نشست کا آغاز ہوا. حسان عارفی کی خوبصورت نظامت اور شعراء کے عمدہ اشعار نے مشاعرہ کو کافی دلچسپ بنا دیا تھا۔ شعراء کو حمد و نعت گوئی کے لئے ماضی کے معروف نعت گو شعراء کے کلام سے تین مختلف بحروں پر تین مصرع طرح
1- دنیا سمٹ کے دامن رحمت میں آ گئی
کچھ ایسا اہتمام کرم آپ نے کیا
(شاعر: عبدالحمید عارف)
2- دیدار ہو خدا کا زیارت رسول کی
فردوس سے غرض ہے نہ مطلب ہے حور سے۔
( شاعر: بیخود دہلوی)۔
3- نبی کی ذات ہر عنواں سے رحمت ہی رحمت ہے۔
عطا لکھیں کرم لکھیں دعا لکھیں اثر لکھیں۔
( شاعر: اعجاز رحمانی)
شعراء نے دی گئی طرح پر معیاری اور شاندار گرہ کے ساتھ عمدہ اشعار سناکر سامعین سے دادو تحسین وصول کیا.
مشاعرے میں جن شعراء حضرات نے کلام پیش کیا ان میں صدر طاہر بلال، اکرم علی اکرمؔ، حسان عارفی، ضیا عرشی، جمیل احمد آکولوی، سعید اختر آعظمی، سراج عالم زخمی، سہیل اقبال ، عبدالرحمن عمری، دانش ممتاز، ظفر محمود ظفر، افتخار راغب، سلیم کاوش اور قمنصور قاسمی شامل تھے۔خیام رسٹورنٹ مین منعقد اس بابرکت محفل کا اختتام صدر فورم طاہر بلال کے ہدیہ تشکر پر ہوا۔