تلنگانہ

شان رسالتﷺ میں گستاخی ناقابل برداشت، حکومت مجرم کو کیفر کردار تک پہنچاۓ : یونائیٹڈ مسلم فورم

شان رسالتﷺ میں گستاخی نا قابل برداشت، بی جے پی نفرت و تعصب کو ہوا دے رہی ہے مسلمان جمہوری طریقہ سے اپنا احتجاج درج کرائیں، حکومت مجرم کو کیفر کردار تک پہنچاۓ یونائیٹڈ مسلم فورم کا بیان

حیدرآباد ۔ یونائیٹڈ مسلم فورم نے شان رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں گستاخی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوۓ اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے ، دنیا بھر کے مسلمان و مہذب معاشرے سے تعلق رکھنے والے دیگر مذاہب کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے، فورم نے حیدرآباد میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے کی گئی گستاخیوں کو ناقابل برداشت قرار دیا۔

فورم کے ذمہ داران مولانا محمد رحیم الدین انصاری ( صدر ) ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ،مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی ،مولانا شاہ حمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ، جناب ضیا الدین نیر، جناب سید منیرالدین احمد مختار ( جنرل سکریٹری )، مولانا سیداحمد حسینی سعید قادری، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری، مولانا سید مسعود حسین مجتبدی، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی، مولانا ظفر احد جمیل حسامی، مولانا عبدالغفار خان سلامی، مولانا خواجہ محمد شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ، ڈاکٹر بابر پاشاہ، ڈاکٹر مشتاق علی اور جناب محمد شفیع الدین ایڈوکیٹ، مولانا زین العابدین انصاری، جناب احمد عمر شفیق ، ڈاکٹر نظام الدین، سید قطب الدین حسینی، سید وصی اللہ قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے لیکن اپنے رسول اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی کو برداشت نہیں کر سکتا۔ ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی حلیف تنظیمیں و ادارے سماج کو بانٹنے کے کام پر لگے ہوئے ہیں عوام میں نفرت و تعصب کو ہوا دے رہے ہیں،

بی جے پی کی ترجمان نپور شرما کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی پر فوری کاروائی نہیں کی گئی، بین الاقوامی دباؤ کے بعد اس کو معطل کیا گیا لیکن اس کو قانونی گرفت سے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حیدرآباد میں بی جے پی کا رکن اسمبلی راجہ سنگھ ایک عادی مجرم ہے ، اس نے وقتا فوقتا مسلمانوں واسلام کے خلاف زہرا گلا ہے، اس کے خلاف پولیس نے پچاس سے زائد ایف آئی آر درج کئے ہیں لیکن کوئی ٹھوس قانونی کاروائی نہیں کی گئی، اب تو حد یہ ہوگئی کہ وہ شان رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں گستاخیوں کا ارتکاب کررہا ہے ۔ فورم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ملعون کے خلاف ٹھوس کاروائی کرے اور استغاثہ کی کمزوری کی وجہ یہ صورتحال سامنے آئی، اس کی جامع تحقیقات کرے اور اس ملعون کو کیفرکردار تک پہنچاۓ۔ فورم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوری طریقہ پر مکمل نظم کے ساتھ اپنا احتجاج درج کرائیں۔ فورم کے ذمہ داروں نے پولیس کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاجی مظاہرے کرنے والوں کے خلاف کی کاروائی سے گریز کریں ان مظاہرین کی پولیس کی جانب سے فوٹو گرافی کرتے ہوۓ انہیں ہراساں کئے جانے کی شکایتیں مل رہی ہیں، امکانی ہراسانی کا تدارک ضروری ہے۔ عامۃ المسلمین سے التماس ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button