تلنگانہ
تلنگانہ کے تمام سرکاری ملازمین کو ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کا حادثاتی بیمہ !

حیدرآباد: سَنکرانتی تہوار کے موقع پر تلنگانہ حکومت نے اپنے ملازمین کو خوشخبری دینے والی ہے۔ ریاستی حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کے لئے 1.20 کروڑ روپے کے حادثاتی بیمہ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ بیمہ اسکیم بینکوں کے تعاون سے نافذ کی جا رہی ہے، جس سے حکومت یا متعلقہ اداروں پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ مکمل طور پر بینکاری نظام کے ذریعہ عمل درآمد ہونے کے باعث اس اسکیم میں شفافیت برقرار رہے گی اور معاملات تیزی سے نمٹائے جا سکیں گے۔
حکام کے مطابق اس بیمہ اسکیم کے تحت اگر کوئی ملازم دورانِ ڈیوٹی حادثاتی طور پر فوت ہو جائے یا مستقل معذوری کا شکار ہو تو اس کے گھر والوں کو مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سرکاری ملازمین اور ان کے خاندانوں کو مضبوط معاشی سہارا ملے گا۔



