این آر آئی

مجلس شعر و ادب اور گلف اردو کونسل کے زیر اہتمام مشاعرہ “شام سخنوران شہر دل”

ریاض ۔ کے این واصف

“شام سخنوران شہر دل” کے عنوان سے “مجلس شعر و ادب” عمان اور “گلف اردو کونسل” نے مسقط میں ایک شاندار محفل مشاعرے کا اہتمام کیا۔ اس پروقار محفل میں سفیر پاکستان اور دیگر معززان اور دلداگان شعر و سخن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ منتظمین کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مسقط کے المروج ہوٹل میں جمعہ 31 مئی2024 کو منعقد اس محفل کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان عزت مآب عمران علی چودھری اور مہمانان اعزاز میں الشیخ سید فیاض علی شاہ ،محمد یاسین بھٹی،میاں محمد منیر ،عبدالحمید آدم اور نجیب بن صالح بن محمد الزدجالی شامل تھے ۔

 

مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر و ادیب حسین مجروح صاحب نے کی۔ محفل کا آغاز عطرت آیات قرآنی سے محمد دانیال شیخ نے کیا جبکہ ھدیۂ نعت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم پیش کرنے کی سعادت عابد مغل نےحاصل کی۔ افتتاحی کلمات منتظم اعلی ناصر معروف نے ادا کیے۔ اس محفل مشاعرہ میں ہندوستان و پاکستان سے تعلق رکھنے والے اور خلیجی ریاستوں میں مقیم معروف شعراء اور شاعرات نےحصہ لیا۔ جن میں محترمہ حنا عباس (دبئی)،محترمہ تجدید قیصر (پاکستان) ،خورشید بیگ (بحرین), ندیم ماہر (قطر) ،ڈاکٹر افروز عالم (کویت), ریاض شاہد (بحرین) احمد سعید (پاکستان) اور تہذیب حافی (پاکستان ) شامل تھے ۔

 

مقامی شعراء کرام میں قمر ریاض، موسیٰ کشمیری، شکیل شہاب اور محترمہ عذرا علیم کے نام شامل تھے۔محفل میں پیش کردہ کلام پر حاضرین محفل نے تمام شعراء کرام و شاعرات کو بھرپور داد و تحسین سے نوازہ۔ سفیر پاکستان عمران علی چودھری نے اپنے خطاب میں کامیاب ادبی مشاعرہ کے انعقاد پر دلی مسرت کا اظہار کیا اور منتظمین مشاعرہ کو مبارکباد پیش کی ۔ انتظامی امور میں ناصر معروف اور مقبول احمد شیخ کی معاونت میں چودھری عباس، شبیر احمد ندیم،عاقب جعفر ، امتیاز ،رضوان احمد،عمران احمد،آصف شکیل ،کلیم اختر ،چودھری محمد اشرف (السیب)،کاشف احمد زعیم،چودھری محمد اصغر اور دیگر کئی احباب شامل تھے۔ محفل کے اختتام تمام پر شعراء کرام اور تعاون پیش کرنے والے کرم فرماؤں کو لوح سپاس سے نوازہ گیا۔

 

مشاعرے میں تشریف لائے دیگر خاص مہمانوں میں سفارت خانہ پاکستان کے اتاشی برائے دفاعی امور کیپٹن حامد شیراز اور کونسلر سلمان کے علاوہ صاحب ذوق خواتین و حضرات کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔نظامت کے فرائض دلچسپ انداز مین مقبول احمد شیخ اور محترمہ عذرا علیم نے انجام دئیے۔ محترمہ عذرا علیم ہی کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button