گورنر تاملناڈو نے وجئے کو حکومت بنانے کی اجازت دینے سے کردیا انکار – جانئے وجہ

ٹی وی کے پارٹی کے صدر وجئے کو گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر کی جانب سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ مطلوبہ اکثریت ثابت نہ کر پانے پر گورنر نے وجئے کو حکومت بنانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ گورنر نے واضح کیا کہ حکومت تشکیل دینے کے لئے کم از کم 118 ارکان اسمبلی کی حمایت لازمی ہے، جس کے باعث فوری طور پر حکومت سازی پر سسپنس برقرار ہے۔
چہارشنبہ کو دوپہر 3:30 بجے وجئے نے راج بھون میں گورنر سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے گورنر کو بتایا کہ کانگریس پارٹی ان کی حمایت کے لیے آگے آئی ہے اور دیگر کئی جماعتیں بھی ان کے ساتھ آنے کو تیار ہیں۔ وجئے نے یہ بھی کہا کہ وہ بطور چیف منسٹر حلف لینے کے بعد اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کر دیں گے، تاہم گورنر ان کی وضاحت سے مطمئن نہیں ہوئے۔
حکومت بنانے کے لئے جہاں 118 ارکان اسمبلی کی ضرورت ہے، وہیں فی الحال کانگریس کے ساتھ مل کر ٹی وی کے کے پاس 112 ارکان کی حمایت بتائی جا رہی ہے۔ مزید یہ کہ وجئے کے دو نشستوں سے کامیابی حاصل کرنے کے سبب ایک نشست چھوڑنا لازمی ہوگا، جس کے بعد پارٹی کی طاقت 107 ارکان تک محدود ہو جائے گی۔ کانگریس کی حمایت کے باوجود اکثریت ثابت کرنے کے لیے ٹی وی کے کو مزید 6 ارکان کی ضرورت ہے۔
ادھر اے آئی ڈی ایم کے نے 47 نشستیں جیتی ہیں، جن میں سے ایک گروپ ٹی وی کے کی جانب جھکاؤ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ پی ایم کے کے 4، آئی یو ایم ایل کے 2، سی پی آئی کے 2، سی پی ایم کے 2 ارکان جبکہ ڈی ایم ڈی کے اور آئی ایم ایم کے کے ایک ایک رکن ہیں۔ چھوٹی جماعتوں کی جانب سے حمایت ملنے کے امکانات مضبوط ہیں، تاہم باضابطہ حمایت ملنے کے بعد ہی وجئے اپنی عددی برتری ثابت کر سکیں گے۔




