عادل آباد میں 24 گھنٹوں میں مندر سے چوری کا معمہ حل — پنچ لوہا ناگا دیوتا کا مجسمہ برآمد، ملزم گرفتار
عادل آباد۔ 20/مئی (اردو لیکس)عادل آباد تلمڈگو پولیس نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنکڈی گاؤں کے ایّا پّا سوامی مندر میں پیش آئے چوری کے معاملہ کو محض 24 گھنٹوں کے اندر حل کرلیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزم کی شناخت کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
پولیس تحقیقات کے دوران مندر سے سرقہ شدہ پنچ لوہا ناگا دیوتا کا مجسمہ بھی بحفاظت برآمد کرلیا گیا۔ اس کامیاب کارروائی پر ضلع ایس پی عادل آباد اکھل مہاجن نے عادل آباد رورل سی آئی رحیم پاشاہ، ایس آئی ڈی۔ رادھیکا اور پولیس ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے ان کی فوری کارروائی اور مؤثر تفتیش کو سراہا۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ مندروں اور عوامی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ جرائم کی روک تھام کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔



