تلنگانہ میں آدھی رات کو زلزلہ کے جھٹکے
بھدرادری کتہ گوڑم: تلنگانہ کے ضلع بھدرادری کتہ گوڑم اور اطراف کے علاقوں میں اتوار کی علی الصبح ہلکے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ رات تقریباً 2:26 بجے اچانک زمین لرزنے سے گہری نیند میں سوئے لوگ بیدار ہوگئے اور جان بچانے کی خاطر گھروں سے باہر نکل آئے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.8 درج کی گئی۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کا مرکز ضلع بھدرادری کوتہ گوڑم کے اطراف میں، آندھرا پردیش کے راجمندری شہر سے شمال مغرب کی سمت تقریباً 111 کلومیٹر دور زیرِ زمین واقع تھا۔
کوتہ گوڑم، پالونچہ، بورگم پاڈو، بھدراچلم اور دیگر علاقوں میں چند سیکنڈ تک زمین ہلنے سے گھروں میں رکھے برتن اور دیگر اشیاء بھی لرز اٹھیں، جس سے عوام میں افراتفری مچ گئی۔ کئی افراد خوفزدہ ہوکر سڑکوں پر نکل آئے اور کچھ دیر تک گھروں میں واپس جانے سے گریز کرتے رہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حکام نے بتایا کہ زلزلے کی شدت کم ہونے کے باعث کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور تمام شہری محفوظ ہیں۔




