تلنگانہ

حیدرآباد میں بی بی کا علم لے جانے والے ہاتھی کا ریہرسل

حیدرآباد، 20 جون۔ تاریخی بی بی کا علم کے جلوس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر وی سی سجنار آئی پی ایس نے ہفتہ کو تاریخی بی بی کا علاوہ پر حاضری دی اور ڈپٹی چڑھائی۔

 

بعد ازاں پولیس کمشنر نے رکن قانون ساز کونسل مرزا ریاض الحسن افندی کے ہمراہ محرم کے جلوس کیلئے لائے گئے شری دیوی ہاتھی کے ٹرائل واک کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سینئر پولیس عہدیداروں کے ساتھ جلوس کے راستوں اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کرتے ہوئے پرامن انعقاد کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی اپیل کی۔

 

میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وی سی سجنار نے کہا کہ محرم کے دوران شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے جامع اور سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی بی کا علم کے تاریخی جلوس کے لیے تقریباً دو ہزار پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی بندوبست تعینات کیا جائے گا

 

جبکہ جلوس کے راستوں پر ٹریفک کی خصوصی پابندیاں بھی نافذ رہیں گی۔پولیس کمشنر نے بتایا کہ ہاتھی کے ٹرائل واک کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ بڑے ہجوم میں ہاتھی کا رویہ کیسا رہتا ہے جلوس کے راستے کی صورتحال کیا ہے اور سکیورٹی کے حوالے سے مزید کن انتظامات کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے عوام نے ہمیشہ مذہبی اور ثقافتی پروگراموں کے دوران پولیس انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ بھی شہری اور منتظمین تعاون کرتے ہوئے محرم کی تمام تقریبات کو پرامن اور کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

 

وی سی سجنار نے مزید کہا کہ حیدرآباد کی پہچان اس کی گنگا جمنی تہذیب، باہمی احترام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہے اور اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بی بی کا علم کا تاریخی جلوس امن و سکون کے ماحول میں اختتام پذیر ہوگا۔

 

اس موقع پر لاء اینڈ آرڈر کے ایڈیشنل کمشنر تفصیر اقبال، آئی پی ایس، چارمینار زون کے ڈی سی پی کھارے کرن، آئی پی ایس، ٹاسک فورس کے ڈی سی پی ویبھَو رگھوناتھ گائیکواڑ، آئی پی ایس، ڈی سی پی ٹریفک بی کے راہل ہیگڑے، آئی پی ایس سمیت دیگر سینئر پولیس افسرانبھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button