بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کا ضلع عادل آباد دورہ، کسان کے اہلِ خانہ سے ملاقات

عادل آباد۔ 20/جون (اردو لیکس)بی آر ایس کے ورکنگ صدر (کے ٹی آر) نے ضلع عادل آباد کا دورہ کرتے ہوئے سرکنڈہ منڈل کے پونا گاؤں کا رخ کیا، جہاں انہوں نے جوار کی فصل کی خریداری نہ ہونے کے باعث خودکشی کرنے والے کسان پانڈورنگ کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
اس سے قبل نیراڈی گونڈہ ٹول پلازہ پہنچنے پر پارٹی کارکنوں اور قائدین نے کے ٹی آر کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر جوگورامنا ، بوتھ اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی انیل جادھو سمیت متعدد بی آر ایس قائدین اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔
بعد ازاں کے ٹی آر نے متاثرہ کسان کے گھر پہنچ کر اہلِ خانہ کو تسلی دی اور پارٹی کی جانب سے مالی امداد فراہم کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بی آر ایس پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں اور فصلوں کی بروقت خریداری میں ناکامی کے باعث کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے مسائل کے فوری حل کے لئے مؤثر
اقدامات کئے جائیں اور متاثرہ خاندان کو مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔



