جرائم و حادثات

فرضی دستاویزات کے ذریعے اراضی رجسٹریشن فراڈ بے نقاب،مرکزی ملزم، بیوی اور سسر گرفتار، سائنسی تفتیش سے حقائق کا انکشاف

فرضی دستاویزات کے ذریعے اراضی رجسٹریشن فراڈ بے نقاب،مرکزی ملزم، بیوی اور سسر گرفتار، سائنسی تفتیش سے حقائق کا انکشاف

 

کاماریڈی، 24 جولائی (سیدکوثرعلی کی رپورٹ): دیون پلی پولیس نے فرضی دستاویزات اور جعلی شناخت کے ذریعے قیمتی اراضی کی غیر قانونی رجسٹریشن کرنے والے ایک سنسنی خیز فراڈ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدگان میں مرکزی ملزم، اس کی بیوی اور اس کا سسر شامل ہیں۔ اس بات کی تفصیلات ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) مدھوسودن نے میڈیا کو بتائیں۔

پولیس کے مطابق گمبھیراؤ پیٹ کی رہائشی محترمہ مکتاورم شانتا نے شکایت درج کرائی تھی کہ ان کے شوہر مکتاورم وینکٹیا کے نام پر دیون پلی وارڈ کے کاکتیہ نگر کالونی، سروے نمبر 210/1 میں واقع پلاٹ نمبر 71 (تقریباً 200 مربع گز) کو جعلی دستاویزات تیار کرکے اور اصل مالک کی جگہ ایک دوسرے شخص کو پیش کرکے غیر قانونی طور پر رجسٹر کرایا گیا۔

ضلع ایس پی ایم۔ راجیش چندرا، آئی پی ایس کی ہدایت پر ڈی ایس پی مدھوسودن کی نگرانی میں کاماریڈی رورل انسپکٹر شری دھر اور دیون پلی ایس ایچ او رنجیت نے جدید سائنسی اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تفتیش کی۔ گواہوں کے بیانات، سب رجسٹرار دفتر کے ریکارڈ، محکمہ ریونیو کے دستاویزات اور دیگر شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ اس سازش کا اصل منصوبہ ساز بنڈاری سرینواس ریڈی ہے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ سرینواس ریڈی نے اپنے قرضے چکانے کی غرض سے اپنی بیوی بنڈاری سنیتا کو خریدار ظاہر کیا، جبکہ اپنے سسر گن ریڈی سنگا ریڈی کو اصل مالک مکتاورم وینکٹیا کے طور پر سب رجسٹرار دفتر میں پیش کرکے جعلی شناختی دستاویزات کی مدد سے مذکورہ اراضی کی رجسٹریشن کرائی۔ بعد ازاں اسی زمین کو اصل حقائق چھپا کر دوسرے افراد کو فروخت کیا گیا اور وہ متعدد افراد کے ناموں پر رجسٹر ہوتی رہی۔

 

پولیس نے سائنسی تفتیش، تکنیکی شواہد، ریونیو ریکارڈ اور رجسٹری دستاویزات کی جانچ کے بعد دھوکہ دہی کا پردہ فاش کرتے ہوئے مرکزی ملزم بنڈاری سرینواس ریڈی، اس کی بیوی بنڈاری سنیتا (آراگونڈہ گاؤں، راجم پیٹ منڈل) اور گن ریڈی سنگا ریڈی (اینڈریال گاؤں، تڈوائی منڈل) کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔

 

اس موقع پر ضلع ایس پی ایم۔ راجیش چندرا نے عوام کو مشورہ دیا کہ زمین یا پلاٹ خریدنے سے قبل ملکیت کے تمام ریکارڈ، سابق رجسٹریاں، ریونیو دستاویزات، لنک ڈاکیومنٹس اور انکمبرنس سرٹیفکیٹ (EC) کا مکمل جائزہ ضرور لیں۔ انہوں نے کہا کہ فروخت کنندہ کی اصل شناخت آدھار، تصویری شناخت، بایومیٹرک تصدیق اور متعلقہ حکام کے ذریعے لازماً یقینی بنائی جائے۔ ایس پی نے خبردار کیا کہ جعلی دستاویزات تیار کرکے رجسٹریشن کرانے اور عوام کو دھوکہ دینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ مشتبہ اراضی لین دین کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دینے کی اپیل بھی کی

متعلقہ خبریں

Back to top button