ریلس بنانے والی تلنگانہ کے کھمم کی سرکاری ٹیچر نے ملازمت سے استعفیٰ دے دیا

کھمم: سوشل میڈیا ریلس کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی کھمم کی سرکاری اسکول ٹیچر بھوکیا گوتمی نے اپنی سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اس سے قبل وہ ایک خانگی اسکول کی سوشل میڈیا پر تشہیر کرنے کے باعث خبروں میں آئی تھیں۔ سرکاری اسکول میں ملازمت کے دوران خانگی اسکول کی تشہیر کرنے پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ڈی ای او)نے انہیں معطل کر دیا تھا۔
گوتمی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں اپنے استعفے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ معطلی کے بعد چھ ماہ گزرنے پر انہیں دوبارہ تقرری تو دی گئی لیکن ڈی ای او مسلسل انہیں ہراساں کر رہے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے انہوں نے بہت جدوجہد کی۔
وہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور اپنے شوہر کی مدد سے یہ ملازمت حاصل کی۔ ان کے مطابق انہوں نے اسکول میں کبھی وقت ضائع نہیں کیا نہ ہی ڈیوٹی کے دوران فون استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف گھر پر فارغ وقت میں ریلس بنایا کرتی تھیں۔
گوتمی نے الزام لگایا کہ انہیں اسکول کے طلبہ سے دور کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ ڈی ای او سے ملاقات کی کوشش کی مگر انہیں موقع نہیں دیا گیا۔ ان کے مطابق جب وہ ملاقات کے لیے گئیں تو ان کی توہین کی گئی اور انہیں وہاں سے ہٹا دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کے طلبہ نے فون کر کے ان سے اپنی ناراضگی اور افسوس کا اظہار کیا۔
گوتمی کا کہنا تھا کہ معاشرے کی جانب سے مسلسل الزامات اور تنقید کے بعد اب وہ اس پیشے میں کام جاری نہیں رکھ سکتیں، اسی لیے انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔



