جرائم و حادثات

پوجا پاٹھ کے زریعہ خزانہ نکالنےکے نام پر لوگوں کو دھوکہ۔ حیدرآباد میں منور نامی شخص اور ساتھی گرفتار

حیدرآباد: کمشنر ٹاسک فورس شمس آباد زون نے راجندر نگر پولیس کے ساتھ مل کر زیر زمین خزانہ نکالنے کا جھانسہ دے کر عوام کو دھوکہ دینے والے ایک گروہ کو بے نقاب کیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمین کو گرفتار کرلیا۔

 

ان کے قبضے اور ان کی نشاندہی پر دو کاریں، ایک آٹو رکشا، دو موٹر سائیکلیں، چار موبائل فون، نقلی سونے کے سکے، کوئلہ، مٹی اور پوجا کا سامان ضبط کیا گیا۔گرفتار ملزمین کی شناخت محمد منور عرف منّا (36)، سید علی اشرف (40)، محمد حاجی (25) اور محمد سلمان (29) کے طور پر کی گئی ہے۔

 

منور گڈی ملکاپور حیدرآباد کا رہنے والا ہے اور کاروں کی ڈینٹنگ و پینٹنگ کا کام کرتا ہے۔ سید علی اشرف الیکٹریشن، محمد حاجی آٹو ڈرائیور اور محمد سلمان بائیک مکینک ہے۔ دیگر تینوں میڑچل-ملکاجگیری ضلع کے مختلف علاقوں کے رہنے والے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق منور نے کم آمدنی کے باعث آسانی سے پیسہ کمانے کے مقصد سے لوگوں کو دھوکہ دینے کا منصوبہ بنایا۔ اس نے اپنے ساتھیوں سید علی اشرف، محمد حاجی اور محمد سلمان کو اپنے منصوبے میں شامل کیا۔ ملزمین معصوم اور سادہ لوح افراد سے رابطہ کرکے یہ دعویٰ کرتے تھے کہ انہیں گھروں کے نیچے دفن چھپی ہوئی دولت تلاش کرنے کا خاص علم ہے۔

 

پولیس کے مطابق ملزمین گھر کے احاطے میں زمین کھودنے کے بعد وہاں کوئلے سے بھری ایک تھیلی اور سونے کی تہہ چڑھے نقلی سکے دفن کردیتے تھے۔ بعد میں وہ متاثرین سے کہتے تھے کہ کوئلے کو سونے میں تبدیل ہونے میں کچھ وقت لگے گا اور وہاں سے فرار ہوجاتے تھے۔

 

پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں راجندر نگر پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 916/2026 کے تحت بی این ایس کی دفعات 318(4)، 351(2)، 61(2) بمعہ 3(5) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمین نے مختلف علاقوں میں 11 افراد کو دھوکہ دیا اور تقریباً ایک کروڑ روپے کی نقد رقم ہڑپ کی ہے۔

 

پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم محمد منور کے خلاف بیگم بازار پولیس اسٹیشن میں دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ بھی درج ہے۔پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض دھوکہ باز سڑکوں، دیہات اور قصبوں میں گھوم کر مخصوص مقامات پر زیرِ زمین یا چھپی ہوئی دولت موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے سادہ لوح افراد کو جھوٹے وعدوں کے ذریعے دھوکہ دے رہے ہیں۔

 

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے افراد کی باتوں پر یقین نہ کریں اور ان کے دھوکے کا شکار نہ ہوں۔ اگر کوئی شخص اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button