ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان میرے لئے کوئی فرق نہیں ہے – چیف منسٹر ریونت ریڈی

“ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان میرے لیے کوئی فرق نہیں ہے۔ ہندو اور مسلمان دونوں میری دو آنکھوں کی مانند ہیں۔” یہ بات چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہی۔ انہوں نے مختلف سرکاری ملازمتوں کے لیے منتخب ہونے والے امیدواروں سے تلنگانہ کی ترقی کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔
چیف منسٹر نے بنجارہ ہلز میں واقع کومرم بھیم آدیواسی بھون میں منعقدہ تلنگانہ اقلیتی ٹیلنٹ کانفرنس میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے گروپ-1، 2، 3، 4 سمیت مختلف زمروں میں سرکاری ملازمتوں کے لیے منتخب ہونے والے اور NEET، IIT، NIT جیسے قومی سطح کے امتحانات میں بہترین نتائج حاصل کرنے والے 782 اقلیتی امیدواروں کو مبارکباد دی۔
پروگرام میں وزراء پونم پربھاکر، محمد اظہرالدین، پونگولیٹی سرینواس ریڈی، مشیر محمد علی شبیر، TGMREIS کے صدر فہیم قریشی سمیت کئی عوامی نمائندوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔
چیف منسٹر نے کہا کہ عوامی حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ہمارے مستقبل کو تبدیل کرسکتی ہے۔ طلبہ کو نرسری سے 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنی چاہئے اور اس کے بعد اپنی صلاحیتوں اور ہنر پر توجہ دینی چاہئے۔ موجودہ حالات میں ہنرمند افراد کے لیے ملازمتوں کے مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے۔ جرمنی اور جاپان جیسے ممالک میں بھی ہنرمند افراد کے لیے متعدد روزگار کے مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے مقصد سے ITI اداروں کو ایڈوانسڈ ٹریننگ سینٹرس (ATCs) میں تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ پولی ٹیکنک کالجوں کو اسکلز یونیورسٹی کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ ہنر حاصل کرنے سے مستقبل تبدیل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے خاندانوں سے تعلق رکھنے کے باوجود سخت محنت کرکے سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے والے تمام نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتوں کو دیئے گئے 4 فیصد تحفظات ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں، لیکن کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی پروگراموں میں اقلیتوں کو ترجیح دی جارہی ہے اور 200 یونٹ تک مفت برقی کی سہولت سے اقلیتی طبقہ زیادہ فائدہ اٹھا رہا ہے۔
انہوں نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کے دور میں گروپ-1 سمیت سرکاری ملازمتوں کے لیے کوئی مؤثر تقررات نہیں کئے گئے۔ گروپ-1 کے لیے ایک مرتبہ کوشش کی گئی، لیکن امتحانی پرچے بازار میں مونگ پھلی کی طرح فروخت کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ-1 اور گروپ-2 جیسے عہدوں کے لیے امیدواروں کا انتخاب کرنے والے پبلک سروس کمیشن میں اہل افراد کو رکن مقرر کیا جانا چاہئے، لیکن سابق حکومت نے نامعلوم اور غیر متعلقہ افراد کو کمیشن میں مقرر کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد یونین پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین اور ماہرین سے مشاورت کرتے ہوئے تلنگانہ پبلک سروس کمیشن میں مکمل اصلاحات کی گئیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے کئی مسائل کھڑے کئے گئے۔ “ہم نے آپ سب کو اپنے خاندان کے افراد سمجھا اور ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ تک ماہر وکلاء کی خدمات حاصل کرتے ہوئے قانونی جنگ لڑی اور سرکاری تقررات کا عمل مکمل کیا۔”




