تلنگانہ

تلنگانہ میں ووٹرس کو نوٹس دینے کا عمل شروع – 27 اگست سے 20 ستمبر تک دینا ہوگا جواب

تلنگانہ میں ووٹر نوٹس کا عمل شروع، 27 اگست سے 20 ستمبر تک ہوگی جانچ

 

حیدرآباد: خصوصی جامع نظرثانی کے تحت تلنگانہ میں ووٹروں کو نوٹس جاری کرنے کا عمل پیر سے شروع ہوگیا۔ نوٹس حاصل کرنے والے ووٹروں کی 27 اگست سے 20 ستمبر تک انتخابی حکام جانچ کریں گے، جبکہ نوٹس کی تیاری، پرنٹنگ اور تقسیم کا عمل 31 اگست تک مکمل کیا جائے گا

۔

ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے نوٹس کی پرنٹنگ، تقسیم اور ووٹروں کی جانچ کے سلسلے میں ضلع انتخابی افسران (DEO)، الیکشن رجسٹریشن افسران (ERO)، اے ای آر اوز اور بی ایل اوز کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

 

ہدایت کے مطابق جانچ کی تاریخ سے کم از کم 48 گھنٹے قبل سلپس پرنٹ کرکے بی ایل اوز کے ذریعے ووٹروں تک پہنچائی جائیں گی۔ نوٹس جاری کرنے کے فوراً بعد بی ایل اوز اس کی تفصیلات ایپ میں درج کریں گے اور ووٹر کو نوٹس کی وجہ، جانچ کی تاریخ و مقام اور درکار دستاویزات کے بارے میں واضح طور پر بتایا جائے گا۔

 

ووٹرس اپنی دستاویزات ووٹر پورٹل، بی ایل او ایپ یا جانچ کے دوران ذاتی طور پر جمع کراسکتے ہیں۔ جانچ کے موقع پر بی ایل اوز کو بھی ای آر اوز کے پاس موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

 

حکام کو یہ بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے کہ نوٹس حاصل کرنے والے ووٹر شخصی طور پر جانچ کے لیے حاضر ہوئے یا نہیں۔ اگر کسی ووٹر کو وضاحت پیش کرنے یا دستاویزات جمع کرانے کے لئے مزید وقت درکار ہو تو اسے مناسب مہلت دی جائے۔

 

پیش کردہ دستاویزات کی متعلقہ محکموں سے تصدیق کرائی جائے گی۔ حکام کو اصل دستاویزات اپ لوڈ کرنے کو ترجیح دینے اور صرف زیراکس کاپیاں اپ لوڈ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر ای آر او دستاویزات سے مطمئن نہ ہو تو ووٹر کو فوری طور پر اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔

 

جانچ کا عمل گرام پنچایت عمارتوں یا وارڈ دفاتر میں منعقد کیا جائے گا اور مقام کی اطلاع عوام کو ڈھنڈورا یا ٹام ٹام کے ذریعے دی جائے گی۔ اپیلوں کی سماعت کے لئے ڈی ای او دفاتر میں خصوصی سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

 

صرف ان معاملات میں اسپیکنگ آرڈر جاری کیا جائے گا جہاں ای آر او ووٹر کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات اور وضاحت سے مطمئن نہ ہو۔ 27 اگست کو گرام/وارڈ سبھائیں منعقد کرکے مسودہ ووٹر فہرست میں شامل نام پڑھ کر سنائے جائیں گے۔

 

غیر حاضر، مستقل طور پر منتقل، فوت شدہ اور ڈپلیکیٹ ووٹروں کے حذف شدہ ناموں کی تفصیلات بھی ان اجلاسوں میں پیش کی جائیں گی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button