جرائم و حادثات

ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی اجتماعی خودکشی۔ آندھراپردیش میں دل دہلادینے والا واقعہ

حیدرآباد: ریاست آندھراپردیش کے سری سیلم میں واقع مندر کے کمرہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد نے خودکشی کرلی۔

 

ان میں سے دو افراد نے کمرے کے ہال میں پنکھے سے لٹک کر جان دی جبکہ باتھ روم میں تین خواتین نے خودکشی کی۔ یہ واقعہ تقریباً تین دن پہلے پیش آیا تھا جو تاخیر سے منظرِ عام پر آیا۔ کمرے سے بدبو آنے پر منتظمین نے جا کر دیکھا تو اندر نعشیں موجود تھیں۔ انہوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔

 

آتماکور کے ڈی ایس پی رامانجنیولو نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔منتظمین کے مطابق یہ تمام افراد تقریباً ایک کرائے کے کمرہ میں مقیم تھے، مرنے والوں کی شناخت سری ستیہ سائی ضلع کےسدھاکر (36)، مَلّیشوری (45)، سری دیوی (33)، آدی لکشمی (50) اور منی کنٹھ (15) کے طور پر ہوئی ہے۔

 

شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ کو سدھاکر اس کے تین بہن بھائی اور بھانجا سری سیلم آئے تھے۔ وہ روزانہ 800 روپے کرائے پر وڈّیرا سَترم کے کمرے میں رہ رہے تھے۔ منتظمین کے مطابق انہیں اتنے دن قیام نہ کرنے کے لیے کہا گیا تھا

 

لیکن انہوں نے صحت خراب ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے قیام جاری رکھا۔ سدھاکر کی ابھی شادی نہیں ہوئی تھی۔ اس کی دونوں بہنوں کی شادی ہوچکی تھی لیکن وہ اپنے شوہروں سے الگ ہوکر میکے میں رہ رہی تھیں۔

 

پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ یہ خاندان مالی پریشانیوں کا شکار تھا۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button