اسپشل اسٹوری

مدھیہ پردیش میں چار بازو اور چار ٹانگوں والے بچے کی پیدائش – ہاسپٹل میں عجیب الخلقت بچہ کو دیکھنے عوام کا ہجوم

بھوپال: مدھیہ پردیش کے چھترپور ضلع کے لوا کش نگر میں اتوار کے روز ایک 29 سالہ خاتون نے چار بازو اور چار ٹانگوں والے نوزائیدہ بچے کو جنم دیا۔ ڈاکٹروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ ہیٹروپیگس پیدائشی نقص (Heteropagus Congenital Defect) کا معاملہ ہوسکتا ہے، جسے پیراسیٹک ٹوئننگ (Parasitic Twinning) بھی کہا جاتا ہے۔ اس حالت میں جڑواں بچوں میں سے ایک کی نشوونما مکمل نہیں ہوپاتی اور وہ مکمل طور پر نشوونما پانے والے دوسرے بچے کے جسم سے جڑا رہ جاتا ہے۔

 

ڈاکٹروں کے مطابق تقریباً 3 کلو وزنی یہ نوزائیدہ ہردوار گاؤں کی رہنے والی 29سالہ خاتون نیتا  کے یہاں پیدا ہوا۔ بچے کے سینے کے اوپری حصے اور پیٹ سے ایک اضافی جسمانی ساخت جڑی ہوئی دکھائی دی، جس کے اپنے بازو اور ٹانگیں ہیں۔

 

ماں اور بچے کو ابتدائی طور پر لوا کش نگر کمیونٹی ہیلت سینٹر میں زیرِ نگرانی رکھا گیا، جس کے بعد انہیں چھترپور ضلع ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اب نوزائیدہ کو مزید جانچ اور علاج کے لئے جبل پور میڈیکل کالج بھیجا جائے گا۔ ماں اور بچے کو ماہر ڈاکٹروں کے معاینہ کے لئے ایئر ایمبولینس کے ذریعہ جبل پور منتقل کرنے کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔

 

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کی اس حالت کی اصل نوعیت اور اضافی جسمانی اعضا کے اندرونی تعلقات کا تعین ماہرین کے معاینہ اور مختلف طبی اسکین کے بعد ہی ممکن ہوگا۔

 

ماہرین بچے کے خون کی گردش، ہڈیوں، خون کی نالیوں اور اضافی جسمانی اعضا کے اندرونی اعضا سے تعلق کا جائزہ لیں گے۔ تفصیلی جانچ کے بعد مزید علاج کا فیصلہ کیا جائے گا، جس میں یہ بھی طے کیا جائے گا کہ آیا سرجری ممکن ہے یا نہیں۔

 

بچے کی پیدائش کی خبر پھیلتے ہی ہاسپٹل میں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، جبکہ نوزائیدہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کرنے لگیں۔ ڈاکٹروں نے واضح کیا کہ صرف باہر سے نظر آنے والے اضافی اعضا کی بنیاد پر بچے کی مجموعی طبی حالت کا درست اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button