جرائم و حادثات

محبوب نگر کے راجا پور قتل کیس کا پردہ فاش، لاری ڈرائیور گرفتار

 

محمد فرید صدیقی،

 

ضلع پولیس محبوب نگر نے راجا پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے خاتون کے اندھے قتل کیس کو انتہائی حکمت عملی کے ساتھ حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ جڑچرلہ ڈی ایس پی وینکٹیشورلو نے اتوار کے روز منعقدہ پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 19 اگست کو رنگاریڈی گوڑہ مضافات میں این ایچ 44 کے قریب ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی

 

۔ راجا پور پولیس نے اس سلسلے میں کرائم نمبر 185/2026 درج کرکے تفتیش شروع کی، جس کے بعد مقتولہ کی شناخت 39 سالہ جاتراوت لالی عرف للیتا کے طور پر ہوئی۔

 

تحقیقات کے مطابق ملزم چھوٹے خاں پیشے سے لاری ڈرائیور ہے، جس کے مقتولہ کے ساتھ گہرے تعلقات تھے۔ ملزم کی بیوی کے انتقال کے بعد وہ للیتا سے شادی کرنا چاہتا تھا، لیکن مقتولہ کے دیگر افراد سے رابطوں کے شبہ میں دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ 18 اگست کی رات ملزم نے للیتا کو اپنی لاری میں بٹھایا اور رنگاریڈی گوڑہ کے قریب شراب پینے کے بعد طیش میں آکر چاقو سے اس کا گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا اور لاش کو سڑک کنارے جھاڑیوں میں پھینک کر فرار ہو گیا۔

 

ضلع ایس پی محترمہ ڈی جانکی، آئی پی ایس کی نگرانی اور ڈی ایس پی وینکٹیشورلو کی قیادت میں جڑچرلہ رورل سی آئی کے مہیش نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر جدید ٹیکنالوجی، کال ڈیٹا، سی سی ٹی وی اور ٹول گیٹ فوٹیج کی مدد سے لاری کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی۔ 30 اگست کی صبح جیسے ہی لاری بنگلور سے مدھیہ پردیش جاتے ہوئے رائیکل ٹول گیٹ پار کر رہی تھی،

 

پولیس نے ملزم کو دھر دبوچا۔ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال کی گئی لاری اور چاقو ضبط کر کے اسے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ کیس کو جلد حل کرنے پر ضلع ایس پی نے سی آئی کے مہیش، ایس آئی این راج شیکھر اور دیگر پولیس اہلکاروں کی ستائش کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button