نظام آباد میں 523 کنٹل راشن کے چاول ضبط۔حیدرآباد ٹاسک فورس اور سیول سپلائی عہدیداروں کا ایس آر ایم ٹریڈ پر دھاوا

نظام آباد: 2/سپٹمبر (اردو لیکس) سیول سپلائی ڈپٹی تحصیلدار پون کمار نے اپنے ایک صحافتی اعلامیہ میں بتایا کہ اننت گری نوی پیٹ منڈل کے مضافات میں واقع ایس آر ایم ٹریڈ حیدرآباد ٹاسک فورس سیول سپلائی عہدیداروں اور نوی پیٹ پولیس نے مشترکہ دھاوا کیا
جو پی ڈی ایس چاول کو غیر قانونی طور پر ذخیرہ کر رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس دھاوے میں ایس آر ایم ٹریڈرس میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے پی ڈی ایس چاول کو ضبط کیا گیا۔ عہدیداروں نے اس بات کی تصدیق کی کہ نرمل ضلع کے سرنگا پور منڈل کے چنچولی گاؤں میں اناپورنا ٹریڈرس سے پی ڈی ایس چاول غیر قانونی طور پر اننت گری کے ایس آر ایم ٹریڈرس کو سپلائی کیا جارہا تھا۔
اس چھاپے میں 523 کنٹل چاول ضبط کیے گئے اور ایک ڈی سی ایم گاڑی بھی ضبط کی گئی۔اس خصوص میں ایس آر ایم ٹریڈرس کے مالک شیوا پرساد اور اناپورنا مل کے مالک ہری کرشنا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایس چاول کی غیر قانونی نقل و حمل کے لیے ایس آر ایم ٹریڈرس کے خلاف اب تک تین کیس درج کیے گئے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اگر دوبارہ غیر قانونی طور پر چاول منتقل کئے جانے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ٹاسک ڈی ایس پی شیکھر ریڈی، سی آئی سرینواس راؤ، اور سول سپلائی ڈپٹی تحصیلدار روی راٹھوڈ نے اس دھاوے میں حصہ لیا۔



