حیدرآباد کے پرانے شہر میں قتل کی ایک اور واردات – 24 گھنٹوں کے اندر دوقتل کے واقعات سے علاقہ میں خوف و ہراس
مائیلار دیوپلی پولیس اسٹیشن حدود میں گھنٹوں کے اندر دو قتل، علاقے میں خوف و ہراس
مائیلار دیوپلی پولیس اسٹیشن حدود میں مسلسل قتل کی وارداتوں سے سنسنی پھیل گئی ہے۔ پلے چروو روڈ پر بدھ کی صبح روڈی شیٹر خواجہ سہیل کے بہیمانہ قتل کا واقعہ ابھی تازہ ہی تھا کہ 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ علی نگر میں ایک اور نوجوان کو سڑک کے درمیان قتل کردیا گیا۔
علی نگر کی سڑک پر بدھ کی رات تقریباً 11 بجے نامعلوم حملہ آوروں نے ایک نوجوان پر چاقوؤں اور لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔ حملہ آوروں نے بے رحمی سے نوجوان کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی مائیلار دیوپلی پولیس موقع پر پہنچی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے مقتول کی شناخت جہانگیرآباد کے رہنے والے آٹو ڈرائیور عبدالرؤف (28) کے طور پر کی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ پرانی دشمنی قتل کی وجہ ہوسکتی ہے۔ واقعہ کے قریب نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
راجندر نگر زون کے ڈی سی پی سرینواس نے بھی جائے واردات کا معائنہ کیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ مائیلار دیوپلی پولیس اسٹیشن حدود میں مسلسل قتل کی وارداتوں سے مقامی لوگوں میں تشویش اور خوف کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔



