حیدرآباد میں جعلی نوٹ چھاپنے والے گروہ کا پردہ فاش، 2.91 لاکھ روپے کے نقلی نوٹ ضبط؛ تین گرفتار – یوٹیوب سے سیکھے نوٹ بنانے کا طریقہ

حیدرآباد میں جعلی نوٹ چھاپنے والے گروہ کا پردہ فاش، 2.91 لاکھ روپے کے نقلی نوٹ ضبط؛ تین گرفتار
حیدرآباد: کمشنر ٹاسک فورس، شمش آباد زون ٹیم نے بالا پور پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد میں جعلی ہندوستانی کرنسی نوٹ چھاپنے اور انہیں گردش میں لانے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران تین ملزمین کو گرفتار کرتے ہوئے 2 لاکھ 91 ہزار 100 روپے مالیت کے جعلی نوٹ اور نقلی کرنسی تیار کرنے میں استعمال ہونے والا پرنٹر، اسکینر، لیمینیٹر سمیت دیگر سامان ضبط کرلیا۔
گرفتار ملزمین کی شناخت 36 سالہ راماوَت رامو عرف محمد، 35 سالہ راماوَت موتی لال اور 19 سالہ راماوَت گاندھی کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق تلنگانہ کے چنتل تانڈا، وڈی پٹلا سے بتایا گیا ہے۔ اس معاملے میں سودھیر جان چیلا عرف وامشی، ساکن ناگول، بندلہ گوڑہ، فرار ہے اور پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق، اہم ملزم راماوَت رامو ریپڈو پر ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا، جبکہ موتی لال بھی ریپڈو ڈرائیور اور آٹو ڈرائیور ہے۔ مبینہ طور پر مالی مشکلات کے باعث رامو نے غیر قانونی طریقہ سے رقم کمانے کا منصوبہ بنایا۔ بعد ازاں اس نے اپنے رشتہ دار موتی لال کے ساتھ مل کر جعلی کرنسی تیار کرنے کا طریقہ سیکھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین نے یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ویڈیوز دیکھ کر جعلی نوٹ تیار کرنے کا طریقہ سیکھا۔ موتی لال کو یوٹیوب پر جعلی کرنسی بنانے سے متعلق ایک ویڈیو ملی، جس میں دیے گئے فون نمبر پر رابطہ کرنے کے بعد اسے جعلی نوٹ تیار کرنے کے لیے درکار سامان کے بارے میں معلومات دی گئیں۔
اس کے بعد ملزمین نے ایپسن کلر پرنٹر، اسکینر، بانڈ پیپر اور دیگر سامان خرید کر جعلی ہندوستانی کرنسی نوٹ تیار کرنا شروع کردیئے۔ پولیس کے مطابق، ملزمین جعلی نوٹوں پر اصلی نوٹوں جیسا واٹر مارک بھی تیار کرتے تھے تاکہ انہیں زیادہ اصلی دکھایا جاسکے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمین مبینہ طور پر جعلی نوٹوں کو رات کے اوقات میں شراب کی دکانوں اور سبزی منڈیوں میں تھوڑی مقدار میں چلانے کی کوشش کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے 500 روپے کے 437 جعلی نوٹ، 100 روپے کے 648 جعلی نوٹ اور 200 روپے کے 39 جعلی نوٹ ضبط کئے۔ اس کے علاوہ اصلی 500 روپے کے 4 اور 100 روپے کے 4 نوٹ بھی ضبط کئے گئے، جنہیں مبینہ طور پر جعلی نوٹ تیار کرنے کے لیے زیراکس کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔
پولیس نے جعلی کرنسی کے علاوہ ایپسن کلر پرنٹر، کلر امیج اسکینر، زیبرونکس لیمینیٹر، پیپر کٹر، مختلف رنگوں کے مائع، سفید کاغذ کے بنڈل، گاندھی کی تصویر والے پرنٹ شدہ بانڈ پیپر، واٹر مارک پیپر، لوہے کا اسکیل، شیشہ، موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل بھی ضبط کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گرفتار ملزم راماوَت رامو کے خلاف اس سے قبل نلگنڈہ ویمن پولیس اسٹیشن میں دفعہ 498(A) آئی پی سی اور ڈی پی ایکٹ کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج ہونے کی اطلاع بھی پولیس نے دی ہے۔
خفیہ اطلاع ملنے پر شمش آباد زون ٹاسک فورس اور بالا پور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمین کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمین اور ضبط شدہ سامان کو مزید تحقیقات کے لیے بالا پور پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
یہ کارروائی شمش آباد زون ٹاسک فورس کے انسپکٹر ڈی کرشنا موہن، بالا پور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سدھاکر، سب انسپکٹر کے منصور علی اور دونوں یونٹس کے عملے نے انجام دی۔





