اتراکھنڈ میں مدارس کی ہفتہ وار تعطیل جمعہ سے اتوار کو منتقل، حکومت کے فیصلے پر سیاسی تنازعہ

نئی دہلی : اتراکھنڈ کی حکومت نے ریاست کے مدارس میں ہفتہ وار تعطیل جمعہ کے بجائے اتوار کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں میں یکساں قواعد نافذ کرنے کے مقصد سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
اس سے قبل ریاستی حکومت نے مدرسہ بورڈ کو منسوخ کرتے ہوئے اس کی جگہ ریاستی اقلیتی تعلیمی بورڈ قائم کیا تھا۔ ریاست میں موجود جملہ 452 مدارس میں سے 76 کو اسکولوں کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے مدارس کے انتظامی اور تعلیمی نظام میں کی جانے والی ان تبدیلیوں کے درمیان تعطیل کے دن میں تبدیلی کا فیصلہ بھی سامنے آیا ہے۔
دوسری جانب کانگریس نے حکومت کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ مذہبی بنیادوں پر سیاست کر رہی ہے۔ حکومت نے تاہم تعطیل میں تبدیلی کی وجہ تمام تعلیمی اداروں کے لیے یکساں قواعد کو یقینی بنانا قرار دیا ہے۔




